اسلام آباد ایئرپورٹ پر عازمین کے سامان کی ٹیگنگ
’ٹیگنگ کی سہولت سے بیگز عازمین کی رہائش گاہوں تک پہنچائے جارہے ہیں‘ ( فوٹو: واس)
پاکستانی عازمین حج کا مکہ روٹ انییشیٹو ہال میں استقبال جاری ہے جو سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے عازمین کی خدمت کے پروگرام کے تحت اور وژن 2030 کے اہداف کے مطابق مختلف سرکاری اداروں کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرعازمین کے سامان کی چھانٹی اور ٹیگنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے ذریعے اُن کے بیگز براہِ راست مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اُن کی رہائش گاہوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔
ٹیگنگ کا عمل ماہر ٹیم کرتی ہے جو وزارت حج و عمرہ کی نگرانی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ روٹ انیشیٹو کے لیے مخصوص ہال میں انجام دیا جاتا ہے۔

اس عمل میں مسافروں کے سامان کو چھانٹا جاتا ہے اور ان پر سٹیکر چسپاں کئے جاتے ہیں جن میں پرواز کی تفصیلات، عازم کا نام اور رہائش کی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
اسی طرح پاسپورٹ کے کور پر بھی سٹیکر لگایا جاتا ہے اور ہر عازم کو کارڈ فراہم کیا جاتا ہے جس میں وہی معلومات درج ہوتی ہیں جو اُس کے سامان پر لکھی گئی ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ یہ ٹیگنگ کی خدمت مکہ روٹ انیشیٹو کے تحت مہمانانِ خدا کو اُن کے وطن کے ہوائی اڈوں پر فراہم کی جانے والی خدمات میں سے ایک ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ اُن کا سامان کسی تاخیر کے بغیر، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ یا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سیدھا ان کی رہائش گاہوں تک پہنچ جائے۔