سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار ہوگئی
’سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد 9 لاکھ 12 ہزار598 ہے‘ ( فوٹو: واس)
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ کل ہفتہ 26 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار 903 سے زائد ہوچکی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد 9 لاکھ 12 ہزار598 ہے‘۔
’بری راستوں سے 45 ہزار 028 عازمین آئے جبکہ سمندری راستوں کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد 4277 رہی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیا ہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری راستوں پر عازمین کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔