Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار کے لیگل نوٹس پر ’بابو راؤ‘ نے ’سود سمیت پیسے لوٹا دیے‘

وکلا کے مطابق پریش راول نے تخلیقی اختلافات کی وجہ سے فلم سے علیحدگی اختیار کی (فوٹو: نائن نیوز)
بالی وُڈ کے سینیئر اداکار اور فلم ’ہیرا پھیری‘ کے مشہور کردار ’بابو راؤ‘  نے ’ہیرا پھیری تھری‘ سے علیحدہ ہونے کے تنازع پر باضابطہ طور پر ردعمل دے دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پریش راول کی قانونی ٹیم ’آنند اینڈ نائک‘ کی جانب سے قانونی جواب جمع کروایا گیا ہے۔
اتوار کی صبح اداکار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میرے وکیل امیت نائیک نے فلم سے میری جائز علیحدگی اور فلم کو خیر آباد کہنے کے حوالے سے مناسب جواب دے دیا ہے۔ جیسے ہی وہ میرا جواب پڑھیں گے، تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔‘
اس کے بعد پریش راول کے وکلا نے تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے اداکار کی فلم سے علیحدہ ہونے کی وجوہات بتائی ہیں۔
قانونی ٹیم کے بیان کے مطابق ’حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے نہ تو فلم کی کہانی فراہم کی، نہ ہی سکرین پلے دیا اور نہ ہی معاہدے کا کوئی مسودہ پیش کیا جو ہمارے مؤکل کے ساتھ معاہدے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا تھا۔‘
’ان چیزوں کی غیر موجودگی میں اور چونکہ مسٹر فیروز ناڈیاڈ والا (جو کہ فلموں کے پروڈیوسر ہیں) نے ہمارے مؤکل کو نوٹس جاری کیا اور فلم کی تیاری پر اعتراضات اٹھائے۔ ہمارے مؤکل نے اپنے مفاد کے تحفظ کے لیے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور سود سمیت دی گئی رقم واپس کر دی ہے۔‘
قانونی ٹیم نے خاص طور پر فیروز ناڈیاڈ والا (ساجد فیروز ناڈیاڈ والا کے کزن) کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ پریش راول کا فلم سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ ان کے ساتھ تعلقات خوشگوار رکھتے ہوئے کیا گیا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب یہ خبر آئی کہ پریش راول نے ’ہیرا پھیری تھری‘ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
اکشے کمار جو کہ نہ صرف فلم کے مرکزی اداکار ہیں بلکہ فیروز ناڈیاڈ والا سے رائٹس حاصل کرنے کے بعد اب فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں، نے دعویٰ کیا تھا کہ پریش راول کی علیحدگی کی وجہ سے فلم کو مالی اور لاجسٹک نقصان پہنچا ہے۔
تاہم پریش راول نے اس بات کی تردید کی کہ انہوں نے ہدایتکار پریادرشن کے ساتھ تخلیقی اختلافات کی بنیاد پر فلم چھوڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں، یہ فیصلہ اچانک نہیں تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بابو بھیا کے کردار نے اب ان کی فنکارانہ حساسیت کو متاثر کرنا بند کر دیا تھا۔‘
وکلاء کے بیان میں مزید وضاحت کی گئی کہ پریش راول نے معاہدے کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا اور اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی کو 11 لاکھ انڈین روپے سائننگ اماؤنٹ کے ساتھ ساتھ سود بھی واپس کیا۔
مالی نقصان کے الزامات کے جواب میں وکلاء نے کہا کہ ’پہلے انہوں نے پیسے قبول کیے لیکن بعد میں ایک بے بنیاد نوٹس بھیج دیا، جب کہ انہیں علم تھا کہ نہ کوئی کہانی ہے، نہ کوئی سکرپٹ اور نہ ہی فلم کے ٹائٹل پر وضاحت ہے، تو نقصان کی بات ہی کہاں؟ امید ہے وہ اس حقیقت کو تسلیم کریں گے۔‘

 

شیئر: