Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیرا پھیری 3 کی شوٹنگ کے دوران ’بابو راؤ‘ اچانک الگ، اکشے کمار کا مقدمہ

ہیرا پھیری3 کے لیے تینوں مرکزی کرداروں نے کافی حد شوٹنگ بھی کر لی تھی (فوٹو: نائن نیوز)
مشہور بالی وڈ فلم ’ہیرا پھیری‘ اور اس کے دوسرے حصے سے محظوظ ہونے کے بعد تیسرے پارٹ کے منتظر فلم بینوں کے لیے اداسی کی خبر سامنے آئی ہے کیونکہ ’بابو راؤ‘ اس سے الگ ہو گئے ہیں، جس پر اکشے کمار خاصے پریشان ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اکشے کمار جو فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں، نے پاریش راول پر مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان کا خیال ہے کہ اچانک الگ سے انہیں بہت نقصان ہوا ہے اور اب تک ہونے والی تمام شوٹنگ بے کار ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکشے کمار کی جانب سے پاریش راول پر 25 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جا رہا ہے۔
 یہ اقدام پاریش راول کی اس ایکس پوسٹ کے دو روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے فلم سے الگ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں فلم کی تیاری سے متعلق اختلافات یا پیسوں کی وجہ سے الگ نہیں ہوا اور میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ میرا فلمساز کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ میں فلم کے ہدایت کار پریادرشن کے لیے عزت اور محبت  کے جذبات رکھتا ہوں۔‘
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس فلم کے لیے ان کے معمول کے معاوضے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ادائیگی کی گئی تھی۔
اکشے کمار سنیل سیٹھی اور پاریش راول نے رواں اپریل میں فلم کی شوٹنگ شروع کر دی تھی۔ اس فلم کے پروڈیوسر بھی اکشے کمار ہیں اور انہوں نے یہ اختیارات پروڈیوسر فیروز ناڈیاوالا سے قانونی طور پر خریدے تھے۔
اس سے قبل پاریش راول ایک سوشل میڈیا کے ذریعے ہی فینز کو اطلاع دے چکے تھے کہ وہ ہیرا پھیری 3 میں شامل ہوں گے۔

ہیرا پھیری3 کے اداکار اور فلمساز اکشے کمار کا کہنا ہے کہ پاریش راول کے فیصلے سے بڑا نقصان ہوا (فوٹو: بالی وڈ تماشا)

رپورٹ میں ایک سورس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاریش راول نے جنوری میں خود فلم میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور انہوں نے اس کے لیے ابتدائی طور پر ہونے والی منصوبہ بندی میں شرکت کی اور شوٹنگ بھی اپنی مرضی سے کرائی، کسی بھی موقع پر عدم اطمینان کا اظہار نہیں کیا جبکہ اب اچانک فرنچائز کے مداحوں کے جذبات سے کھیلتے ہوئے الگ ہونا اور پروڈیوسر کو نقصان پہنچانا بدنیتی ہے۔
خیال رہے ہیرا پھیری فلم 2000 میں ریلیز ہوئی تھی اور بہت کامیاب رہی تھی اس کے بعد 2006 اس کا دوسرا حصہ سامنے آیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل ہی ہیرا پھیری 3 بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
جس پر فینز کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا تھا تاہم اب یہ معاملہ التوا میں پڑتا نظر آ رہا ہے اور تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر کیس چل پڑا تو فلم مزید تاخیر کا شکار ہو گی جبکہ بعض شائقین نے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاریش راول پھر سے ٹیم میں شامل ہوں کیونکہ ان کے بغیر فلم کا مزہ نہیں آئے گا۔

شیئر: