Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کبھی پاکستان کے لیے بھی ٹرافی جیتیں‘، شاہین آفریدی کی تصویر پر کرکٹ شائقین کے تبصرے

لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کی کپتانی میں تیسری پی ایس ایل ٹرافی جیتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے ہرا کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اتوار کے روز کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں تیسری ٹرافی جیتی جس کے بعد شاہین پی ایس ایل فرنچائز کے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔ 
قلندرز کی فتح کے بعد شاہین آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ تینوں پی ایس ایل ٹرافیز سجائے بیڈ پر بیٹھے ہیں۔ تصویر کے عنوان میں انہوں نے لکھا ’صبح بخیر۔‘
شاہین آفریدی کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین انہیں سراہتے دکھائی دیے۔ 

رضوان زمان نے لکھا ’اچھا ہے میسی کی نقل نہیں کی۔‘

کچھ صارفین شاہین پر تنقید بھی کرتے رہے جیسے حسن نے کہا ’پاکستان کے لیے بھی ٹرافیز جیت لیں کبھی۔‘

انعام نے لکھا ’پی ایس ایل جیتنا حتمی مقصد نہیں ہے۔ آئی سی سی کی فتوحات ابتدا سے ہی غائب ہیں۔ ملکی ٹرافیاں عالمی ناکامیوں کو ہمیشہ نہیں چھپا سکتیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اصل میدان میں خود کو منوایا جائے‘

ایک اور صارف نے لکھا ’صرف پی ایس ایل میں پرفارمنس, قومی ٹیم کی پارفارمنس تو صفر ہے، قومی ٹیم نے کتنی ٹرافیز جیتی ہیں، یہ سب تو بے معنی ہے۔‘

ایک صارف نے یہ بھی کہا ’آپ تو چاچا افتی یعنی افتخار احمد کی نقل کر رہے ہیں۔‘

واضح رہے اتوار کی رات کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 202 رنز کا ہدف 20ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم اس سے قبل 2022 اور 2023 کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکی  ہے۔

 

شیئر: