Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل ٹی20 فائنل: دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج مدمقابل ہوں گے

سعود شکیل نے کہا کہ ’میں پی ایس ایل فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔‘ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹی20 کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گے۔
مقامی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے ساتھ بجے ہوگا، جبکہ بارش کی صورت میں پیر کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالر اور رنر اپ کو دو لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
اس میچ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل کی تاریخی میں دوسری ٹیم ہوگی جو تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتے گی، یا سعود شکیل کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسری مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرے گی۔
لاہور قلندرز نے کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پلے آف میں ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پوائنٹ ٹیبل میں سبقت حاصل کی۔
سعود شکیل نے کہا کہ ’میں پی ایس ایل فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں اور ہم ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ قذافی سٹیڈیم ہمارے لیے بہے خوش قسمت ثابت ہوا ہے جہاں ہم نے چھ میں سے پانچ میچ جیتے اور یہ تسلسل برقرار رکھیں گے۔‘
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر ٹائٹل جیتنے کی ہیٹرک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
کوئٹہ کے ساتھ گذشتہ میچ میں لاہور قلندرز کے فخر زمان، عبداللہ شفیق اور محمد نعیم نے بیٹنگ میں کارکردگی دکھائی اور شاہین شاہ، حارث رؤف اور رشاد حسین نے بولنگ اٹیک کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس سیزن میں حسن نواز اور ریلی روسو کی تسلسل کے ساتھ بیٹنگ پرفارمنس سے جگہ بنائی اور ابرار احمد، فہیم اشرف اور محمد عامر نے بولنگ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
امید کی جا رہی ہے کہ کرکٹ شائقین کو فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

 

شیئر: