Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرمٹ کے بغیر حج نہیں‘ مہم کو تیز کیا جائے گا: سعودی وزیر اطلاعات

اس سال 25 ہزار رضاکاروں کی خدمات فراہم کی گئی ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کہا ہے کہ ’سعودی وژن 2030 کے اہداف میں ضیوف الرحمان کے حوالے سے تین بنیادی اہداف شامل ہیں جن میں سرفہرست زائرین حرمین کے لیے بہتر سہولتوں کی فراہمی، معیاری خدمات اور عازمین حج و عمرہ کے مذہبی و ثقافتی تجربے کو بہتر بنانا شامل ہے۔
الاخباریہ کے مطابق ریاض میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ’خادم حرمین شریفین کے مہمان پروگرام کے تحت 1000 فلسطینی شہدا کے لواحقین  کے علاوہ 100 ممالک سے 1300 افراد شاہی مہمان کے طورپر حج ادا کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ پرمٹ کے بغیر حج نہیں‘ مہم کو تیز کیا جائے گا۔
حج رضاکار پروگرام کے بارے میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’اس سال 25 ہزار مرد و خواتین رضاکاروں کی خدمات فراہم کی گئی ہیں جن کا تعلق مختلف غیرمنافع بخش اداروں سے ہے وہ عازمین حج کو مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کررہے ہیں۔‘
وزارت تجارت کے تفتیشی دوروں کے بارے میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا’ وزارت کی تفتیشی ٹیمیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی مارکیٹوں کے یومیہ بنیاد پر دورے کرتی ہیں تاکہ اشیائے خورونوش کے معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔‘
علاوہ ازیں وزارت بلدیات و ہاوسنگ کی جانب سے بھی 22 ہزار اہلکاروں پر مشتمل تفتیشی ٹیمیںعازمین کے رہائشی مقامات کا دورہ کرتی ہیں۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 25 ہزار مساجد اور جامع مساجد میں ہر طرح کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ خادم حرمین شریفین ہدیہ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد قرآن کریم کے نسخے عازمین میں تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

 

شیئر: