Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہماری جوہری صلاحیت امن کی ضامن ہے،‘ یوم تکبیر کے موقع پر افواج پاکستان کی مبارکباد

پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں یوم تکبیر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیف نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے جاری پیغام میں کہا ہے کہ یوم تکبیر 1998 کے اس اہم دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایک ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، جنوبی ایشیا میں سٹریٹیجک توازن کو بحال کیا اور اپنے دفاع کا حق منوایا۔
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور باوقار اور پرامن وجود کے لیے غیر متزلزل جستجو کی مظہر ہے۔
’پاکستان کی سٹریٹیجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے جو اس کے عوام کی اجتماعی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔ یوم تکبیر کا یادگار دن قیادت کی دور اندیشی، ہمارے سائنس دانوں اور انجینئروں کی ذہانت اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والی تمام شخصیات کی لاتعداد خدمات کو خراج تحسین ہے۔‘
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ دن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ ’قابل اعتبار کم سے کم ڈیٹرنس‘ کے نظریے کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ جس کی جڑیں خطے میں امن اور سٹریٹیجک استحکام کو برقرار رکھنے کے اصول پر مبنی ہیں۔‘
’پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے تصادم میں تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔‘
افواج پاکستن نے پیغام میں مزید کہا کہ ’قوم کے تزویراتی اثاثوں کے ذمہ دار نگہبان کے طور پر، ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری جوہری صلاحیت صرف اور صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور یہ امن کی ضامن ہے۔‘

 

شیئر: