Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے انڈیا سے 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا: وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کر دی ہے اور اب انڈیا حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گولہ باری کے نتیجے میں جان سے جانے والے شہریوں کے ورثا میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا سے 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔اب ان شاء اﷲ قیامت تک نیوکلیئر ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افواج پاکستان کے شہدا اور عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کر دی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم اتحاد و اتفاق سے معاشی طاقت بننے کا سفر بھی طے کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ افسوس ناک تھا جس کی آڑ میں انڈیا نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ پاکستان نے دنیا کو باور کرایا کہ بھارت کے الزامات بے بنیاد، جھوٹ پر مبنی اور سازش کا حصہ ہیں جو خطے کے امن کو تباہ و برباد کر سکتے ہیں۔‘
’دنیا کے بے شمار ممالک پوری طرح یکسو تھے کہ پاکستان حق پر ہے اور اس نے جو عالمی تحقیقاتی کمیشن کی پیشکش کی ہے یہ اس کے ہاتھ صاف ہونے کا ثبوت ہے۔ انڈیا کو گھمنڈ تھا کہ پوری دنیا کی طاقتیں اس کے ساتھ کھڑی ہو جائیں گی لیکن انڈیا کے دوست ممالک نیوٹرل ہو گئے اور جو نیوٹرل تھے انہوں نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور ہمارے موقف کو جائز قرار دیا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا میں آج سرینگر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کو کبھی پیچھے نہیں پائیں گے (فوٹو: پی ایم او)

انہوں نے مزید بتایا کہ ’10 مئی کی صبح میری سپہ سالار سے بات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈیا نے نورخان ایئربیس اور دیگر جگہوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا اور انہوں نے مجھے کہا کہ انڈیا کو ایسا تھپڑ رسید کیا جائے جو قیامت تک اسے یاد رہے۔‘
’اس کے نتیجے میں پٹھان کوٹ سے لے کر ان کا کوئی بھی ایئربیس ہمارے شاہینوں کی پہنچ اور میزائلوں کی زد سے باہر نہیں تھا۔ صبح 9 بجے سپہ سالار کا دوبارہ فون آیا کہ انہیں پیغام دیا گیا ہے کہ انڈیا سیزفائر یعنی گھٹنے ٹیکنے کے لیے تیار ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا جو آج بھی اپنے حق کے لیے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
’میں آج مظفرآباد سے سرینگر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کو کبھی پیچھے نہیں پائیں گے اور وہ دن آئے گا جب کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا اور کشمیر پاکستان بنے گا۔‘

 

شیئر: