معروف موبائل ساز کمپنی ایپل کا نیا سمارٹ فون ’آئی فون 17 ایئر‘ رواں سال کے آخر میں لانچ کیے جانے کا امکان ہے تاہم سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا سمارٹ فون ہوگا۔
اس متوقع ڈیوائس کی بیٹری ٹیکنالوجی اور وزن سے متعلق تفصیلات ایک ٹپسٹر(مختلف معلومات لیک کرنے والا گمنام فرد) کی جانب سے منظرعام پر لائی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
سٹیٹس فارورڈنگ، واٹس ایپ کے نئے فیچر سے پرائیویسی متاثر؟Node ID: 889788
اطلاعات کے مطابق ’آئی فون 17 ایئر‘ کی بیٹری ’سام سنگ گلیکسی ایس 25 ایج‘ کے مقابلے میں چھوٹی ہوگی تاہم یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ’آئی فون 17 ایئر‘ ’سام سانگ گلیکسی ایس 25 ایج‘ سے پتلا اور ہلکا بھی ہو سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ’آئی فون 17 ایئر‘ میں ماڈرن بیٹری ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جو کہ روایتی لیتھیم آئن بیٹری کے مقابلے میں زیادہ توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
’آئی فون 17 ایئر‘ کی بیٹری اور سیلفی کیمرے کی خصوصیات
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ماجن بُو نامی ایک گمنام ٹپسٹر نے انکشاف کیا ہے کہ ’آئی فون 17 ایئر‘ سلیکون کاربن بیٹری کے حامل ہو گا۔
رپورٹس کے مطابق اس پتلے فون میں دو ہزار آٹھ سو ایم اے ایچ کی بیٹری ہوگی جو بیس(بنیادی) ماڈلز کے مقابلے میں نمایاں طور پر چھوٹی ہے تاہم سلیکون کاربن بیٹری کی بدولت اس ڈیوائس کی بیٹری لائف توقعات سے بہتر ہو سکتی ہے۔
آئی فون 17 ایئر نہ صرف ایپل کی جانب سے سب سے پتلا سمارٹ فون ہوگا بلکہ ممکنہ طور پر 2025 میں آنے والے سب سے ہلکے فونز میں سے ایک بھی ہو سکتا ہے۔
ٹپسٹر کے مطابق یہ فون 146 گرام وزنی ہوگا جو اس حوالے سے سامنے آنے والی دیگر حالیہ رپورٹس سے مطابقت رکھتا ہے۔ اس فون میں بایومیٹرک تصدیق کے لیے فیس آئی ڈی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
IPhone 17 Air, is it a revolution worth buying? pic.twitter.com/dnY3X6G1jS
— Majin Bu (@MajinBuOfficial) May 26, 2025
ایپل اس ماڈل کے فریم میں سات ہزار سیریز ’ایلمونیم الائے‘ دھات کا استعمال کر رہا ہے جس کا وزن 30 گرام تک ہو سکتا ہے جبکہ آئی فون 16 پرو اور پرو میکس میں ٹائٹینیم دھات کا استعمال کیا گیا تھا۔
ٹپسٹر نے دیگر اجزاء کے وزن کی بھی تفصیلات فراہم کی ہیں جن میں 120 ہرٹز او لیڈ ڈسپلے اور بیٹری سب سے بھاری اجزاء ہوں گے اور ان میں سے دونوں کا وزن 35، 35 گرام ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 ایئر میں ایک 48 میگا پکسل کا رئیر کیمرا اور 24 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا ہوگا۔
اس سمارٹ فون میں ایپل کا نیا چپ سیٹ ’اے 19 چپ‘ دی جائے گی اور اس میں آٹھ جی بی ریم ہوگی جیسا کہ گزشتہ سال کے آئی فون 16 پلس ماڈل میں تھا۔
ٹپسٹر کے مطابق اس فون کا بیک پینل شیشے سے بنا ہوا ہوگا اور یہ وائرلیس چارجنگ کو بھی سپورٹ کرے گا۔