ملٹی پلیٹ فارم میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کو سٹیٹس پوسٹس پر مزید کنٹرول فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
واٹس ایپ کے ایک نئے فارورڈنگ ٹوگل(بٹن) کے ذریعے صارفین یہ فیصلہ کر سکیں گے کہ آیا دوسرے لوگ ان کے سٹیٹس کو آگے شیئر کر سکتے ہیں یا نہیں۔
مزید پڑھیں
-
’وٹس ایپ پر ہیکنگ سافٹ ویئر اسرائیلی کمپنی نے بنایا‘Node ID: 420106
-
وٹس ایپ میسج کو سنجیدہ لے لیا؟Node ID: 432946
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ٹیک جوس‘ کے مطابق یہ فیچر سب سے پہلے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.25.16.16 میں فراہم کیا گیا ہے۔
یہ فیچر سٹیٹس پرائیویسی سیٹنگز میں ایک آن/آف سوئچ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اگر اسے بند کیا جائے تو کوئی بھی آپ کے سٹیٹس کو اپنے رابطوں کے ساتھ فارورڈ یا شیئر نہیں کر سکے گا۔
دوسری طرف اگر اسے آن رکھا جائے تو سٹیٹس دیکھنے والے کنٹیکٹس آپ کی اپڈیٹس کو معمول کے مطابق آگے بھیج سکیں گے۔
واٹس ایپ سٹیٹس فارورڈنگ فیچر کیسے کام کرتا ہے؟
واٹس ایپ سٹیٹس سیٹنگز میں پرائیویسی مینیو کے تحت ایک خصوصی سوئچ متعارف کروا رہا ہے۔
اس سوئچ کو بند کرنے سے کنٹیکٹس کی سکرین پر فارورڈ آئیکن(نشان) غائب ہو جائے گا، جس کا مطلب ہے کہ آپ کا سٹیٹس صرف آپ کے منتخب کردہ لوگوں تک محدود رہے گا۔
حتیٰ کہ اگر فارورڈنگ کی اجازت ہو تو فارورڈ کی گئی کاپی میں آپ کا فون نمبر اور پروفائل کی تفصیلات پوشیدہ رہیں گی تاکہ آپ کی پرائیویسی محفوظ رہے۔
اگر یہ سوئچ فعال ہو تو آپ کے رابطے ایک نئے فارورڈ بٹن کے ذریعے آپ کا سٹیٹس اپنی چیٹس یا اپنے سٹیٹس فیڈ میں براہِ راست شیئر کر سکیں گے۔
فارورڈ کی گئی اپڈیٹس آپ کی اصل پرائیویسی سیٹنگز کا خیال رکھیں گی جبکہ آپ کی ذاتی معلومات چھپا دی جائیں گی۔
اگر ٹوگل کو غیر فعال کیا جائے تو آپ کے سٹیٹس پوسٹس پر فارورڈ کنٹرول گرے آؤٹ ہو جائے گا۔ اس صورت میں ناظرین سکرین شاٹ یا سکرین ریکارڈنگ ٹولز کا استعمال تو کر سکیں گے لیکن ایپ کے اندر فارورڈنگ مکمل طور پر بلاک ہو جائے گی۔
اب تک صارفین صرف یہ کنٹرول کر سکتے تھے کہ ان کا سٹیٹس کون دیکھ سکتا ہے لیکن یہ فیصلہ نہیں کر سکتے تھے کہ دیکھنے والے اسے آگے شیئر کر سکتے ہیں یا نہیں۔ نیا ٹوگل اس خلا کو پُر کرتا ہے اور مواد کی شیئرنگ پر مزید بہتر کنٹرول فراہم کرتا ہے۔
نیا فیچر کب متعارف کروایا جائے گا؟
بیٹا ٹیسٹرز نے اینڈرائیڈ ورژن 2.25.16.16 اور 2.25.16.19 میں اس ٹوگل کو رپورٹ کیا ہے تاہم عالمی سطح پر اسے چند ہفتوں میں لانچ کیے جانے کی توقع ہے۔
واٹس ایپ نے ابھی تک آئی او ایس یا ڈیسک ٹاپ ورژنز کے لیے کوئی تاریخ جاری نہیں کی لیکن عموماً اینڈرائیڈ کے بعد دیگر پلیٹ فارمز پر بھی یہ اپڈیٹس ایک ماہ کے اندر دستیاب ہو جاتی ہیں۔
نجی صارفین کے لیے یہ ٹوگل ذاتی اپڈیٹس، فوٹو سٹوریز اور عارضی پوسٹس کو غیر ارادی طور پر شیئر ہونے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
کاروباری ادارے اور کانٹینٹ کریٹرز بھی اس فیچر سے فائدہ اٹھا سکیں گے، وہ اپنی تشہیری سٹیٹس پوسٹس کے پھیلاؤ پر کنٹرول رکھ سکیں گے اور غیر ضروری فارورڈنگ یا غلط انتساب سے بچ سکیں گے۔