Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایام تشریق: حجاج آج تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے

شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا(فوٹو، بشیر صالح )
حج 2025  اختتامی مراحل میں داخل ہورہا ہے۔ حجاج آج سنیچر کو ایام تشریق کے پہلے دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد دن کا باقی حصہ وادی منی میں ہی گزاریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حجاج  نے 10 ذی الحجہ یوم النحر( عید الاضحی) کو جمرہ عقبہ ’بڑے شیطان‘ کو کنکریاں ماریں بعدازاں بعض حجاج طواف افاضہ کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے جہاں سے فارغ ہونے کے بعد انہوں نے 10 ذی الحجہ کی شب منی میں گزاری۔
تشریق کے پہلے دن یعنی 11 ذی الحجہ  سنیچر حجاج تینوں شیطانوں کو سات، سات کنکریاں مار کر واپس اپنے خیموں میں لوٹ آئیں گے۔
رمی کے تینوں دن جمرات پر حجاج کی آمد ورفت کےلیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ کسی قسم کی ہنگامی صورتحال پیش نہ آئے۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جمرہ جانے اور کنکریاں مارنے کے بعد واپس آنے والے راستوں پر ہر تھوڑے فاصلے پرموجود ہوتے ہیں۔ اہلکار ازدحام کے اوقات میں حجاج کی آمد و روانگی کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مشاعر میں رضاکار مرد وخواتین حجاج کی خدمت میں مصروف ہیں (فوٹو، عدنان مہدلی)

شیطان کو کنکریاں مارنے والے جمرہ پل کی تمام منزلوں پر دونوں جانب ہر تھوڑے فاصلے پر پینے کے ٹھنڈے پانی کے کولرز موجود ہیں اس کے علاوہ رضاکاروں کی بھی بڑی تعداد وہاں ٹھنڈی بوتلیں حجاج میں تقسیم کرتے ہیں۔
ہلال الاحمر اور شہری دفاع کے دستے کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے مختلف مقامات پرتعینات ہوتے ہیں ان کے علاوہ رضاکاربھی بڑی تعداد میں جمرات پل پر موجود ہوتے ہیں۔

 

شیئر: