Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025 : تیسرے دن کی رمی جاری ، منیٰ خالی ہونے لگا

مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستیاں آئندہ برس تک کے لیے خالی ہوجائیں گی(فوٹو، ایس پی اے)
حج 2025 کی تیسری رمی کے بعد حجاج کی بڑی تعداد آج غروب آفتاب تک منیٰ سے رخصت ہو جائے گی۔ایام تشریق کے دوسرے اور حج کی تیسری رمی کا آغاز 12 ذی الحجہ کی صبح سے ہی کردیا گیاتھا۔
بیشتر حجاج نے 12 ذی الحجہ کی رمی زوال آفتاب کے بعد شروع کی تاکہ غروب سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل سکیں۔
غروب تک رک جانے والے حجاج کل ایام تشریق کی تیسری رمی بھی کریں گے جس میں وہ تینوں شیطانوں یعنی جمرہ عقبہ ، وسطی اور صغرہ کو سات ، 7 کنکریاں ماریں گے ۔
حج 1446 ہجری کے مراحل تیسرے دن کی رمی کے ساتھ ہی مکمل ہو جائیں گے جس کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں میں منتقل ہوں گے جس کے ساتھ ہی مشاعر مقدسہ  کی عارضی خیمہ بستیاں جہاں سال بھر میں چند دنوں کی رونق ہوتی آئندہ برس تک کے لیے خالی ہو جائے گی۔

جمرات پل پرسیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)

تیسرے دن حج کی رمی کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کے انتظامات غیرمعمولی رہے۔
سیکیورٹی اہلکاروں کے اضافی دستے جمرات پل کو جانے اور واپسی کے راستوں میں فرائض انجام دیتے رہے تاکہ حجاج کی آمد ورفت کو منظم رکھا جاسکے۔
سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ رضا کاروں کی بھی بڑی تعداد منیٰ میں تیسرے دن کی رمی کے موقع پر موجود رہی جو حجاج کی رہنمائی میں پیش پیش تھے۔

رمی کے تیسرے دن بھی حجاج نے تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں (فوٹو، ایس پی اے)

ہلال الاحمر کی ٹیموں کے علاوہ مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں کے شہری بھی حج کے اختتامی مرحلے میں رمی کے بعد مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے حجاج کو حج کی مبارک باد پیش کررہے تھے۔
بیشتر شہری مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہونے والے حجاج کا استقبال پھلوں سے کرتے رہے اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں بھی ان میں تقسیم کیں۔

شیئر: