Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025: حجاج رمی کے بعد آج منیٰ سے رخصت ہوں گے

آج غروب آفتاب سے قبل حجاج کو منیٰ کی حدود سے نکل جانا ہو گا(فوٹو، ایس پی اے)
حج 2005 اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ حجاج کرام آج اتوار 8 جون 12 ذی الحجہ کو ایام تشریق کے دوسرے دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد وادی منیٰ سے رخصت ہو جائیں گے۔
بہت کم تعداد میں رہ جانے والے حجاج  پیر 9 جون 13 ذی الحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے اور تیسرے دن کی کنکریاں مارنے کے بعد روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق حج 1446 ہجری بمطابق 2025 کا آخری مرحلہ مکمل ہونے کے ساتھ ہی مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستی وادی منیٰ آئندہ برس تک کے لیے خالی ہو جائے گی۔
ایام تشریق کی دوسری جبکہ حج کی تیسری رمی کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب سے قبل وادی منیٰ کی حدود سے نکل کر مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے جہاں سے انکی اپنے اپنے ملکوں کو روانگی کے پروگرام پرعمل درآمد شروع ہوجائے گا۔
وہ حجاج جو 12 ذی الحجہ کو غروب آفتاب تک منیٰ سے نہیں نکلیں گے انکے لیے 13 ذی الحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کرنا ضروری ہوگا اور ایام تشریق کی تیسری رمی مکمل کرنے کے بعد منیٰ کی حدود سے نکلیں گے۔

رضاکار اور سیکیورٹی اہلکار جمرات پل پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

انتظامیہ کی جانب سے تیسرے دن کی رمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی  ٹیموں کو بھی جمرات پل کے مختلف مقامات پرتعینات کیا گیا ہے جبکہ رضاکار اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی حجاج کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔
جمرات کو جانے اور وہاں سے رمی کے بعد واپس آنے والے راستوں کی نشاندہی کرنے کے لیے اہلکاروں کو قطاروں میں تعینات کیا ہے تاکہ پل پر حجاج کا ازدحام نہ ہو اور وہ آرام سے تیسرے دن کی رمی مکمل کریں۔

شیئر: