Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچایا جائے: عرب لیگ

’عرب لیگ، عرب لیبر آرگنائزیشن اور عرب چائلڈ ہڈ ڈیولپمنٹ کونسل کی طرف سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
عرب لیگ نے بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے اور ان کے حقوق کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق عرب لیگ، عرب لیبر آرگنائزیشن اور عرب چائلڈ ہڈ ڈیولپمنٹ کونسل کی طرف سے چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پرمشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بچوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنزکی پابندی کی جائے اورخاص طور پر ان بچوں پر توجہ دی جائے جو محنت مشقت میں لگے ہوئے ہیں اورجو اپنی معصومیت اور بچپن سے محروم کر دیے گئے ہیں اور جو جسمانی اور ذہنی نقصان کا شکار ہوئے ہیں اور جنہیں تعلیم، نشوونما اور باعزت زندگی کے حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے‘۔
واضح رہے کہ چائلڈ لیبرڈے ہر سال 12 جون کو منایا جاتا ہے جسے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے 2002 میں تسلیم کیا تھا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ دن ایسے وقت میں آیا ہے جب کہ 2025 تک بچوں سے مشقت کا مکمل خاتمہ کرنے کا عالمی ہدف اب بھی دور کا خواب محسوس ہوتا ہے‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’2021 میں جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 16 کروڑ بچے محنت مشقت میں مصروف ہیں جن میں 6 کروڑ 30 لاکھ لڑکیاں اور 9 کروڑ 70 لاکھ لڑکے شامل ہیں‘۔
’اس افسوسناک رجحان کے اسباب میں مسلسل عالمی بحران، خاص طور پر کووڈکی وبا، ماحولیاتی تبدیلی، تنازعات، تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی اور بڑھتی ہوئی سماجی و معاشی خلیج شامل ہیں‘۔

شیئر: