Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے‘، پاکستان کا انڈین طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی انڈیا میں طیارے کے حادثے پر اظہارِ افسوس کیا (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کے شہر احمد آباد کے قریب جمعرات کی دوپہر ہونے والے ایئر انڈیا کے مسافر بردار طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس حادثے میں جانی نقصان پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس دلخراش واقعے کے تمام متاثرین کے لیے اس صدمے کو برداشت کرنے کے لیے دعاگو ہیں۔‘
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی ایئر انڈیا کی پرواز کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے جمعرات کو ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’احمد آباد (گجرات) میں ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے پر افسوس ہوا۔‘
اے پی پی کے مطابق اس افسوس ناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ’میری دلی ہمدردیاں ان قیمتی جانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جو احمد آباد میں ایئر انڈیا کے افسوس ناک طیارہ حادثے میں گزر گئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور یہ ہمیں ہماری مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی عوام سے میری گہری تعزیت۔‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی انڈیا میں طیارے کے حادثے پر اظہارِافسوس کیا اور کہا کہ ’آج انڈیا میں طیارہ گرنےکا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سانحے پر انڈین عوام سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔‘
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے نے بھی اس واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

شیئر: