استاد کا ذکر آئے تو ہم میں سے بیشتر کو کوئی نہ کوئی چہرہ یاد آ جاتا ہے۔ سکول کے وہ ماسٹر صاحب جن کی ایک گھوری سے پوری کلاس سیدھی ہو جاتی تھی، کالج کے وہ پروفیسر جنہوں نے پہلی بار کوئی اچھی کتاب ہاتھ میں تھمائی، یا دفتر کا وہ سینیئر جس نے کام کرنے کا سلیقہ سکھایا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسے لوگوں کی لمبی تقریریں کم ہی یاد رہتی ہیں۔ اصل میں ان کا کوئی ایک جملہ، کوئی ایک واقعہ ذہن میں اٹک جاتا ہے اور پھر عمر بھر ساتھ چلتا ہے۔
ریڈرز ڈائجسٹ انڈیا نے اپنے اکتوبر کے شمارے میں اسی خیال پر ایک خوبصورت فیچر شائع کیا ہے۔ 12 معروف لوگوں نے اپنے استاد، گرو یا رہنما کے بارے میں لکھا اور بتایا کہ ان سے کون سا سبق ملا جو آج تک ساتھ ہے۔ ان میں موسیقار بھی ہیں، فلم ساز بھی، سائنسدان، شطرنج کا عالمی چیمپئن، خلاباز، ایڈورٹائزنگ کے بڑے نام اور کاروباری دنیا کے لوگ بھی۔
ریڈرز ڈائجسٹ مجھے سکول کالج کے زمانے سے پسند ہے، اس کے ڈیجیٹل ایڈیشن آج بھی مل جاتے ہیں، دلچسپی سے پڑھتا ہوں۔ یہ فیچر نما تحریر پڑھی تو لگا کہ یہ سبق سرحد کے اِس پار بھی اتنے ہی کارآمد ہیں۔ چند ایک تو ایسے ہیں کہ پڑھ کر آدمی کچھ دیر کے لیے رک جاتا ہے۔ آئیے ایک ایک کر کے دیکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
کنفیوشس کی کہانی اور آدھا سچ، عامر خاکوانی کا کالمNode ID: 902956
-
شہرہ آفاق انٹرویو، جس نے بہت کچھ سکھایا: عامر خاکوانی کا کالمNode ID: 909533
پہلا سبق: آدھا اِدھر، آدھا اُدھر نہیں چلتا

ستار کے نامور فنکار پنڈت شبھیندر راؤ، پنڈت روی شنکر کے شاگرد رہے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ گرو ایک مجسمہ ساز کی طرح ہوتا ہے، شاگرد میں صلاحیت دیکھ لے تو چھینی لے کر فالتو پتھر تراشتا اور اسے شکل دیتا ہے۔ گروجی کے سبق صرف ستار لے کر بیٹھنے تک محدود نہیں تھے، چہل قدمی، کھانے کی میز اور گاڑی کے سفر میں بھی جاری رہتے۔
1984 کی بات ہے۔ شبھیندر راؤ اٹھارہ انیس برس کے تھے اور سکول ختم کر کے دہلی پہنچے تھے کہ گروجی سے سیکھیں۔ ایک دن پنڈت جی نے پوچھا، زندگی میں آگے کیا ارادہ ہے؟ نوجوان نے بتایا کہ دو تین سال کالج میں لگا کر گریجویشن کر لوں گا اور ساتھ ساتھ موسیقی بھی چلتی رہے گی۔ پنڈت جی بولے، اس کاغذ کے ٹکڑے کا کیا کرو گے؟ اپنا سارا وقت اور ساری توانائی موسیقی کو کیوں نہیں دے دیتے؟
شبھیندر راؤ کہتے ہیں کہ گروجی تعلیم کو حقیر نہیں سمجھ رہے تھے۔ وہ دراصل یہ کہہ رہے تھے کہ جو راستہ چنا ہے اس پر پورے کے پورے چلو، دو کشتیوں میں آدھا آدھا پاؤں رکھ کر کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ روی شنکر جی نے اپنے شاگرد کو ریاضت اور عاجزی کی قدر سکھائی، یہ سکھایا کہ کمال کا کوئی شارٹ کٹ نہیں اور فن کو اس کی اپنی خاطر سیکھو، نام اور شہرت کی خاطر نہیں۔ شہرت تو ضمنی چیز ہے، خود آ جاتی ہے۔
سب سے دلچسپ بات یہ کہ 90/91 برس کی عمر میں بھی پنڈت روی شنکر کہا کرتے تھے، میں ابھی سیکھ رہا ہوں۔ شاید یہی ان کا سب سے بڑا سبق تھا کہ مہارت کی راہ میں آدھے اقدامات نہیں چلتے، اور وہ مقام کبھی نہیں آتا جب آدمی طالب علم نہ رہے۔
دوسرا سبق: ہر انسان ایک پنسل ہے

یہ کہانی پاکستانی قارئین کو شاید زیادہ اپنی لگے، کیونکہ اس کے مرکزی کردار گلزار ہیں جو جہلم کے قصبے دینہ میں پیدا ہوئے تھے۔
فلم ساز اور پرانی فلموں کے آرکائیوسٹ شیویندر سنگھ ڈونگرپور بچپن ہی سے فلم ڈائریکٹر بننا چاہتے تھے اور گلزار صاحب کے ایسے پرستار کہ ان کے بارے میں اخباری تراشوں کی ایک سکریپ بک بنا رکھی تھی، جو آج بھی ان کے پاس ہے۔
کالج کی تعلیم مکمل ہوتے ہی وہ ممبئی پہنچے اور گلزار صاحب سے ملے۔ جواب ملا کہ میرے پاس تمہارے لیے کوئی جگہ نہیں۔ دل ٹوٹ گیا۔ چند ہفتے بعد، جب امید ختم ہو چکی تھی، اچانک گلزار صاحب کا فون آیا کہ آ جاؤ، میرے اسسٹنٹ کے طور پر کام کر لو۔ شیویندر کہتے ہیں وہ خوشی میں کبھی نہیں بھول سکتا۔
گلزار صاحب وقت کی پابندی اور ڈسپلن کے معاملے میں بہت سخت تھے، ہر جگہ وقت سے پہلے پہنچنا پڑتا، اور شیویندر آج تک اس عادت پر قائم ہیں۔ دن کا کام ختم ہوتا تو گلزار صاحب اکثر اپنے کمرے میں بلا لیتے اور شاعری پر باتیں ہوتیں۔ وہ مکالمے اردو میں لکھتے تھے، اسی وجہ سے شیویندر نے اردو پڑھنا لکھنا سیکھی۔
ایک بار گلزار صاحب نے کسی سین کے ڈائیلاگ لکھنے کو کہا۔ شیویندر نے عرض کیا کہ میں تو ڈائیلاگ رائٹر نہیں ہوں۔ جواب ملا، ہر انسان ایک پنسل کی طرح ہے، سب اس پر منحصر ہے کہ تم اسے کتنا تراشتے ہو۔
پھر ایک دن گلزار نے ستیہ جیت رے کی پاتھر پنچالی کی ویڈیو کیسٹ تھمائی کہ اسے دیکھو۔ امیتابھ بچن کی فلمیں دیکھ دیکھ کر بڑے ہونے والے نوجوان نے ایسی فلم کبھی دیکھی ہی نہیں تھی۔ پتہ چلا کہ سینما کی ایک بالکل الگ دنیا بھی ہے جسے ابھی دیکھنا باقی ہے۔
بعد میں گلزار صاحب نے اصرار کیا کہ پونے کے فلم انسٹی ٹیوٹ جا کر باقاعدہ پڑھو۔ شیویندر کو پہلے لگا کہ شاید جان چھڑائی جا رہی ہے، مگر گلزار صاحب کا کہنا تھا کہ اگر واقعی فلم ساز بننا ہے تو پہلے ہنر سیکھو۔ شیویندر آج کہتے ہیں کہ وہاں ڈائریکشن اور سکرپٹ رائٹنگ پڑھتے گزرے دن ان کی زندگی کے سب سے خوشگوار دن تھے، اور اس سیدھے راستے پر ڈالنے کا سہرا گلزار صاحب کے سر ہے۔
تیسرا سبق: آپ کس روپ میں یاد رکھے جانا چاہیں گے؟

سرجن پال سنگھ سائنسدان ہیں اور 2008 سے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے ساتھ پالیسی اور ٹیکنالوجی کے مشیر کے طور پر کام کرتے رہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ ڈاکٹر کلام اکثر ان سے ایک ہی سوال پوچھتے، تم کس بات کے لیے یاد رکھے جانا چاہتے ہو؟
ہر بار جواب سن کر وہ کہتے، ارے بھئی، اس پر اور سوچو، اسے اور بہتر بناؤ۔ چنانچہ اگلی بار پرانا جواب دہرانا ممکن نہ رہتا۔ یہ سلسلہ چلتا رہا یہاں تک کہ سرجن پال کے بقول ان کے جوابوں کا ذخیرہ ہی ختم ہو گیا۔ پھر کیرالہ کے ایک سفر میں جب ڈاکٹر کلام نے وہی سوال پھر کیا تو سرجن پال نے بازی پلٹ دی، کہا میں تو کئی بار جواب دے چکا، اس بار آپ بتایے۔
ڈاکٹر کلام کچھ دیر خاموش رہے۔ سرجن پال نے خود ہی انہیں چند ایک چوائسز بھی پیش کر دیں یعنی میزائل مین، نیوکلیئر مین، بھارت رتن ایوارڈ یافتہ، یا عوام کا صدر؟ انہیں لگا کہ ساری بڑی کامیابیاں سمیٹ لی ہیں۔ ڈاکٹر کلام بولے، تمہارے سارے جواب غلط ہیں، میں ان میں سے کسی چیز کے لیے یاد نہیں رکھا جانا چاہتا۔ پھر جیسے کوئی برسوں پرانا راز کھول رہے ہوں، بڑے جوش سے کہا، میں ایک استاد کے طور پر یاد رکھا جانا چاہتا ہوں۔
سرجن پال لکھتے ہیں کہ ڈاکٹر کلام کا سب سے بڑا سبق کوئی جواب نہیں تھا، بہتر سوال پوچھنے کی عادت تھی۔ اچھا استاد صرف معلومات نہیں چھوڑ جاتا، دنیا کو دیکھنے کا ایک زاویہ دے جاتا ہے جو کلاس روم سے نکلنے کے برسوں بعد بھی ساتھ رہتا ہے۔
ڈاکٹر عبدالکلام کو ہم پاکستانی ایک اور زاویے سے دیکھتے ہیں، زیادہ تر انڈین میزائل پروگرام کے حوالے سے۔ یہ مگر دلچسپ بات ہے کہ اتنے بڑے سائنس دار کے لیے زیادہ اہم اپنی پہچان بطور استاد بنانا تھا۔ وہ اپنی پہچان کلاس روم سے جوڑنا چاہتے تھے۔ قدرت کا انتظام دیکھیے کہ 2015 میں ان کا انتقال بھی شیلانگ میں طلبہ کو لیکچر دیتے ہوئے ہوا۔
چوتھا سبق: میں کہیں نہیں جا رہا
انڈین ایڈورٹائزنگ میں پیوش پانڈے بہت بڑا نام ہے، اور دلچسپ بات یہ کہ اس فیچر میں ان کا ذکر دو الگ شاگردوں نے کیا ہے۔ اوگلوی انڈیا کی چیف کری ایٹو آفیسر کائناز کرمکار لکھتی ہیں کہ وہ اور ان کے ساتھی ہرشد راجادھیکش 2010 میں نوجوان کری ایٹو کے طور پر پیوش سے ملے۔ ان سے جو کچھ سیکھا اس پر پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے، مگر ان کا پسندیدہ سبق یہ ہے کہ اگر بہادر نہیں ہو تو لیڈر مت بنو۔
2013 کی برسات تھی۔ ان کا دفتر ممبئی کے گورےگاؤں میں تھا اور کلائنٹ کا کولابا میں، ٹریفک میں دو گھنٹے کا سفر۔ راستے میں پتہ چلا کہ پیوش بھی میٹنگ میں ہوں گے۔ دونوں نے معنی خیز نظروں سے ایک دوسرے کو دیکھا، کیونکہ جس میٹنگ میں پیوش ہوں اس کا کچھ پتہ نہیں ہوتا تھا کہ کیا ہو جائے۔
کمپین کی پریزینٹیشن دی گئی تو ایک آواز آئی، کمال کر دیا۔ یہ کلائنٹ کی نہیں، پیوش کی آواز تھی۔ کلائنٹ مسکرائے مگر فیصلہ ٹالنے لگے کہ چیئرمین کی منظوری چاہیے۔ پیوش نے پوچھا، کیا وہ شہر میں ہیں؟ جی ہاں۔ تو ابھی مل لیتے ہیں۔ کلائنٹ ہچکچائے کہ یہ ملاقات ان کے شیڈول میں نہیں، شاید کسی اور میٹنگ میں ہوں۔ پیوش بولے، میں انتظار کر لوں گا، ان کی میٹنگ ختم ہو تو بلا لیجیے گا، میں کہیں نہیں جا رہا۔
کائناز لکھتی ہیں کہ کلائنٹس نے کسی ایجنسی سے یہ جملہ کبھی نہیں سنا تھا۔ ایجنسیاں کلائنٹ کے سامنے دب کر رہنے کی عادی تھیں، پیوش نہیں تھے۔ وہ لوگ گھبرائے ہوئے باہر نکلے اور پانچ منٹ بعد لوٹ آئے۔ چیئرمین کا پیغام تھا، اگر پیوش جی کو پسند ہے تو مجھے منظوری دینے کی کیا ضرورت؟ تین مہینے بعد کمپین تیار تھی اور اس کی آخری لائن پیوش کی اپنی آواز میں تھی۔
کائناز کے بقول اس دن کا سبق خالص پیوش والا تھا۔ بزدل ہمیشہ محفوظ رہیں گے، مگر بادشاہ وہی بنیں گے جن میں جرات ہو۔
پانچواں سبق: ایک اشارے نے گھبراہٹ اتار دی
ڈبلیو پی پی کری ایٹو انڈیا کی سربراہ ہیپزیبا پاٹھک بھی پیوش پانڈے کی شاگرد ہیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ پیوش کا اصول تھا، "فرنٹ فٹ پر کھیلو۔" یہ کرکٹ کی اصطلاح تھی اور وہ واقعی ہر روز اسی انداز میں جیتے تھے۔یہی بات اپنے جونئیرز کو بھی سکھاتے تھے۔
برسوں پہلے، جب وہ اوگلوی میں نوجوان ایگزیکٹو تھیں، انہوں نے ایک بڑا اور پیچیدہ پراجیکٹ کیا اور اس کی روداد ایک کتاب کی صورت میں چھاپ دی۔ پیوش نے وہ کتاب کمپنی کی عالمی قیادت کو بھیج دی۔ کچھ ہی دنوں میں اوگلوی کی عالمی سربراہ شیلی لازارس نے ہیپزیبا اور ان کے کری ایٹو پارٹنر کو شنگھائی میں ہونے والی ورلڈ وائیڈ بورڈ میٹنگ میں پریزنٹیشن کے لیے بلا لیا۔
پریزنٹیشن کی صبح ناشتے پر پیوش ہنسی مذاق سے دونوں کی گھبراہٹ کم کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ مگر ہال دیکھ کر نوجوان ہیپزیبا کا دل بیٹھ گیا۔ بڑا سا کانفرنس روم، انگریزی کے یو کی شکل کی میز، اس کے گرد دنیا بھر کے بڑے بڑے نام، میزوں پر مائیک اور سامنے ایک بڑی سکرین۔ ماحول سنجیدہ اور رسمی تھا۔ تجربہ کار لوگوں کی شاندار پریزنٹیشنز کے بعد جب ہیپزیبا کی باری آئی تو وہ سہمی ہوئی سٹیج پر پہنچیں۔ اسی لمحے ان کی نظر حاضرین میں بیٹھے پیوش سے ملی۔ پیوش نے سیدھا ان کی طرف دیکھا اور بڑی اپنائیت سے ایک آنکھ دبا کر اشارہ کیا۔
اس باوقار ماحول میں یہ سب سے غیر متوقع حرکت تھی، مگر اس ایک اشارے میں پورا پیغام تھا۔ میں تمہارے ساتھ ہوں، مگر مجھے پتہ ہے تم یہ کر لو گی، مزے سے کرو، فرنٹ فٹ پر کھیلو۔ ہیپزیبا کہتی ہیں کہ ایک لمحے میں سارا تناؤ اتر گیا اور انہوں نے پورے اطمینان اور فخر سے اپنا کام پیش کیا۔
ان کے بقول پیوش نے یقین کی طاقت سکھائی۔ وہ لوگوں پر، منفرد آئیڈیاز پر، اپنی ثقافت پر یقین رکھتے تھے، کبھی کبھی تمام اندازوں کے برعکس بھی۔ جب آپ واقعی کسی پر یقین کرتے ہیں تو صرف اسے کامیاب نہیں کرتے، اسے اڑنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
چھٹا سبق: موت پر غور کرو
مصنف، فلم ساز اور سابق ٹی وی اینکر راجیو مہروترا 40 برس سے زیادہ عرصے سے دلائی لامہ کے شاگرد ہیں۔ انہوں نے برسوں بدھ مت کی تعلیمات پڑھی تھیں، دنیا کی ناپائیداری، مرنے کے بعد کی زندگی اور جسم کی کمزوری کے بارے میں۔ جب راجیو کی والدہ آخری سانسیں لے رہی تھیں تو یہ سارا علم کوئی خاص تسلی نہ دے سکا۔ وہ بات بات پر رو پڑتے۔ اہلیہ نے یہ حالت دیکھی تو مشورہ دیا کہ دلائی لامہ سے ملتے ہیں، اور خود بھی ساتھ گئیں۔
دلائی لامہ نے ان کا ہاتھ تھاما اور دیر تک تھامے رکھا۔ پھر قریب جھک کر صرف اتنا کہا، موت پر غور کرو۔ راجیو کہتے ہیں کہ یہ الفاظ مجھے بہت سخت لگے۔ میں شاید تسلی کی امید لے کر گیا تھا کہ وہ کہیں گے تمہاری ماں ٹھیک ہو جائیں گی، میں ان کے لیے دعا کروں گا۔ اس کے بجائے ایک ایسی ہدایت ملی جو میں سننا ہی نہیں چاہتا تھا۔
اگلے دنوں میں مگر وہ جملہ اندر ہی اندر کام کرنے لگا۔ راجیو یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ غم کسی اونچے درجے کے سکون میں بدل گیا، مگر جب بھی دکھ غالب آتا یہ الفاظ لوٹ آتے، اور آہستہ آہستہ ایک نرم سی قبولیت پیدا ہو گئی۔
وہ لکھتے ہیں کہ دلائی لامہ نے کبھی یہ نہیں کہا کہ غصہ، غم یا خواہش کو بس چاہنے سے مٹایا جا سکتا ہے۔ وہ خود گہرائی سے محسوس کرتے ہیں اور جذبات دکھانے میں شرماتے بھی نہیں، مگر جذبے کو نہ شرمندگی بننے دیتے ہیں، نہ دوسروں کے دکھ سے منہ موڑنے کا بہانہ۔ راجیو کے خیال میں یہی اس استاد کا اصل کمال ہے۔
یہ پڑھ کر ہماری اپنی دینی روایت یاد آتی ہے جس میں موت کو کثرت سے یاد کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ہمارے بزرگ بھی کہا کرتے تھے کہ موت کی یاد دل کو نرم کرتی ہے۔ شاید دلائی لامہ بھی اپنے شاگرد کو یہی اسلامی لافانی نسخہ دے رہے تھے۔
ساتواں سبق: چال چلنے سے پہلے سوچو

پانچ مرتبہ کے عالمی شطرنج چیمپئن وشوا ناتھن آنند 1988 میں انڈیا کے پہلے گرینڈ ماسٹر بنے تھے۔
وہ لکھتے ہیں کہ شطرنج میں ان کی پہلی استاد ان کی والدہ سشیلا تھیں۔ ہر ٹورنامنٹ سے پہلے وہ یاد دلاتیں، جلدی مت کرو، چال چلنے سے پہلے اس کے نتائج سوچ لو۔ انہوں نے بیٹے کو یہ عادت بھی ڈالی کہ ہر بازی ایک ڈائری میں لکھے اور ساتھ اپنی سوچ بھی۔ کب لگا کہ میں جیت رہا ہوں؟ کون سی چالیں نتیجہ بدل سکتی تھیں؟
آنند کہتے ہیں کہ اس کی قدر بعد میں سمجھ آئی۔ غلطیوں کا تجزیہ ضروری ہے، مگر انہیں فوراً لکھ لینے سے بہانے بنانے کی گنجائش نہیں رہتی۔ وہ آج بھی یہی کرتے ہیں۔
دوسرا سبق 1991 میں کینڈیڈیٹس کے ایک بڑے مقابلے سے پہلے ملا، جب ان کی ملاقات یوکرینی نژاد بیلجیئن کھلاڑی مائیکل گوریوچ سے ہوئی۔
گوریوچ نے بتایا کہ وہ کسی مسئلے پر تب تک کام کرتے رہتے ہیں جب تک حل نہ نکل آئے۔ آنند نے بھی مشکل پوزیشنز کے ساتھ یہی کرنا شروع کر دیا۔ گہرائی میں جاؤ، کام کرتے رہو، ہار مت مانو۔
آنند کا خلاصہ بڑا خوبصورت ہے۔ استاد آپ کو بدلتے نہیں، وہ آپ کو اپنے فیصلے پرکھنے کے نئے طریقے دیتے ہیں، اور یہ اثر عمر بھر ساتھ رہتا ہے۔
مجھے یہ ڈائری والی بات خاص طور پر اچھی لگی۔ ایک زمانے میں یہ عادت اپنائی تھی، پھر وقت کے ریلے میں بہتے ہوئے چھوٹ گئی۔ سوچیں کہ ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو اپنی غلطی اسی وقت لکھ لیتے ہوں، اس سے پہلے کہ ذہن اس کے لیے کوئی خوبصورت سا بہانہ گھڑ لے؟
آٹھواں سبق: دروازے کے باہر رکھی چپلیں
اوڈیسی رقص کی ممتاز فنکارہ اروشی مدگل نے اپنی پھوپھی اور گرو مادھوی مدگل سے تربیت پائی۔ وہ بچپن کا ایک منظر یاد کرتی ہیں۔ سکول سے بھاگتی ہوئی واپس آتیں اور ڈانس سٹوڈیو کے باہر مادھوی جی کی چپلیں تلاش کرتیں۔ چپلیں نظر آ جاتیں تو مطلب تھا کہ وہ اندر ریاض کر رہی ہیں۔ اروشی دوڑ کر اندر دیکھنے چلی جاتیں۔ اپنی کلاس ختم ہونے کے بعد بھی بیٹھی دیکھتی رہتیں کہ گرو باقی شاگردوں کو کیسے سکھاتی ہیں۔
اروشی کہتی ہیں کہ رقص اور زندگی کے بارے میں سب سے زیادہ انہوں نے اسی خاموش مشاہدے سے سیکھا۔ برسوں کی مستقل مزاجی، روز بلا ناغہ اپنے فن اور ریاض کی طرف لوٹنا، چھوٹی چھوٹی تفصیل پر توجہ اور کمال کی لگن۔ اس سے سمجھ آیا کہ اصل مہارت ڈسپلن میں ہے، اور عمدگی تب آتی ہے جب آدمی صرف اپنے حصے کی نہیں، پوری چیز کی فکر کرے۔ اروشی کے بقول اس مثال نے انہیں کلاس روم سے کہیں آگے تک سنوارا۔
یہ پڑھ کر ہمارے کلاسیکی موسیقی کے گھرانوں کی وہ روایت یاد آتی ہے جب شاگرد برسوں استاد کی خدمت کرتا اور اس کا ریاض سن سن کر ہی آدھا فن سیکھ لیتا تھا۔ سیکھنا صرف سبق سے نہیں، دیکھنے سے بھی ہوتا ہے۔
نواں سبق: کبھی کوئی دوسرا آپ کا امکان پہلے دیکھ لیتا ہے
انڈیا کی قومی بیڈمنٹن ٹیم کی کھلاڑی ٹریسا جولی لکھتی ہیں کہ وہ بچپن سے ہر جگہ پلیلا گوپی چند کا نام سنتی تھیں۔ وہ کوچ جس نے خود کبھی عالمی چیمپئن شپ نہیں جیتی، مگر ایسے کھلاڑی تیار کیے جو جیت سکیں۔
2020 میں ٹریسا ان کی اکیڈمی میں گئیں تو گوپی چند نے ان میں اور اپنی بیٹی گایتری میں وہ چیز دیکھ لی جو دونوں لڑکیاں خود ابھی نہیں دیکھ پا رہی تھیں، یعنی ڈبلز میں ان کا کھیل ایک دوسرے کی کمی کیسے پوری کر سکتا ہے۔ یوں ایک جوڑی بنی جس نے بعد میں بین الاقوامی سطح پر نام بنایا۔
دوسری بات جو ٹریسا نے سیکھی وہ بھروسے کو اہمیت دینا تھا۔ قومی ٹیم کے چیف کوچ ہونے کے باوجود گوپی چند کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا، سوال پوچھنا ہو یا اپنے کھیل پر رائے لینی ہو،وہ ہمیشہ دستیاب رہتے۔ بعد کی کامیابیوں نے ان کے سبق اور پکے کر دیے۔
اپنی صلاحیت پر یقین رکھو، رہنمائی کرنے والوں پر بھروسہ کرو، اور یاد رکھو کہ کبھی کبھی کوئی دوسرا آپ کے امکانات آپ سے پہلے دیکھ لیتا ہے۔
دسواں سبق: جن سے کچھ نہیں چاہیے، ان کی کتنی پروا کرتے ہو؟
شانتنو نائیڈو کئی برس انڈیا کے لیجنڈری بزنس مین رتن ٹاٹا کے دفتر میں ان کے ساتھ رہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ جسے شروع میں وہ رتن ٹاٹا کی غیر معمولی شائستگی سمجھتے تھے ، وہ دراصل سامنے بیٹھے آدمی کے لیے سچی فکر تھی۔ سامنے کوئی بھی ہو، کوئی ساتھی، پرانا دوست، کوئی سابق چپراسی یا کسی دوسرے ملک کا وزیر، ٹاٹا کا رویہ ایک جیسا رہتا۔
80 برس سے اوپر کی عمر میں، جب گھٹنے ساتھ نہیں دیتے تھے، کوئی کمرے میں آتا تو رتن ٹاٹا کرسی سے زور لگا کر اٹھ کھڑے ہوتے اور جب تک مہمان نہ بیٹھ جاتا خود نہ بیٹھتے۔ گفتگو کے دوران ان کی توجہ کبھی ادھر ادھر نہ ہوتی۔توجہ سے اس کی طرف دیکھتے، غور سے سنتے، جواب دیتے یا پھر گفتگو جاری رکھنے کے لئے خود کوئی سوال کر ڈالتے۔
رخصت کا انداز بھی یہی تھا۔ کسی کے ہاتھ میں بھاری سامان ہوتا تو نرمی سے پوچھتے، کیا میں اٹھا لوں؟ شانتنو کہتے ہیں کہ جسمانی طور پر شاید وہ اٹھا بھی نہ سکتے، مگر پیشکش پورے خلوص سے ہوتی۔ مہمان کو دروازے تک نہیں، سیڑھیوں تک چھوڑنے جاتے، اور پھر کہتے، شانتنو، انہیں نیچے تک چھوڑ آؤ۔ ملنے والا جب تک وہاں رہتا، اسے محسوس ہوتا کہ وہ واقعی اہم ہے۔
شانتنو اعتراف کرتے ہیں کہ وہ یہ سب یاد رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اکثر بھول بھی جاتے ہیں۔ ان چھوٹے چھوٹے آداب کو نظرانداز کر دینا آسان ہے جو آدمی کو یہ احساس دیتے ہیں کہ اسے دیکھا اور سنا جا رہا ہے، اس کی عزت ہو رہی ہے۔ رتن ٹاٹا نے سکھایا کہ ہر ملاقات کسی کو یاد رکھنے اور خود یاد رکھے جانے کا موقع ہے، اور اس سب کی شروعات ایک سوال سے ہوتی ہے۔ جن لوگوں سے آپ کو کچھ نہیں چاہیے، ان کی آپ کتنی پروا کرتے ہیں؟
خاکسار کے خیال میں یہ پورے فیچر کا سب سے کاٹ دار جملہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں بااثر آدمی کے لیے کھڑے ہو جانا عام بات ہے۔ اصل امتحان تو اس کے لیے کھڑا ہونا ہے جس سے کوئی کام نہیں نکلنا۔
گیارھواں سبق: جب اپنے پاس صرف خواب ہوں
فلم ساز، مصور اور شاعر مظفر علی، جنہیں ہمارے ہاں زیادہ تر مشہور فلم امراؤ جان ادا کے ڈائریکٹر کے طور پر جانا جاتا ہے، نے اپنے کیریئر کا آغاز ستر کی دہائی میں ایڈورٹائزنگ سے کیا تھا۔ یکم جولائی انیس سو ستر کو ان کا انٹرویو سہراب جی کیخسرو بوبی کوکا نے لیا، وہ شخص جس نے ایئر انڈیا کو اس کی الگ شناخت دی اور اس کا مشہور مہاراجہ والا نشان تخلیق کیا۔
انٹرویو سے پہلے دونوں ایک ہی لفٹ میں تھے اور چپکے چپکے ایک دوسرے کی ٹائی کا جائزہ لے رہے تھے۔ کوکا مسکرا دیے۔ ان کی چمکیلی نارنجی ٹائی کی گرہ جتنی بڑی ہو سکتی تھی اتنی بڑی تھی۔ پھر وہ اپنی بہت بڑی میز کے پیچھے جا بیٹھے۔ مظفر علی کہتے ہیں کہ نہ انہیں مجھے ایئر انڈیا بیچنی پڑی، نہ مجھے اپنے آپ کو۔ ان کی آنکھوں میں لامحدود آسمان جھلملاتے دکھائی دیتے تھے، اور شاید انہوں نے مجھ میں ایک خواب دیکھنے والا دیکھ لیا۔
جلد ہی وہ کوکا اور مہاراجہ کے ساتھ کام کر رہے تھے۔ کوکا کے کاغذ پر گھسیٹے ہوئے خیال بڑی بڑی کمپینز بن جاتے، اور سب ایک سوال کے گرد گھومتے کہ ہمیں دوسروں سے مختلف کیا چیز بناتی ہے؟جواب تھا، یاد، میموری۔
کوکا نے سکھایا کہ جہاز کی ہر خالی سیٹ کو خالی جگہ نہیں، اپنے مسافر کا منتظر ایک خواب سمجھو۔ ہر ایئرلائن کے پاس بوئنگ تھا، ہمارے پاس خواب تھے۔
مظفر علی کے بقول کوکا نے مہاراجہ کو ایک پرانی شاہانہ علامت سے نکال کر ایک تجربہ بنا دیا، جس میں مہمان نوازی جہاز کی سیٹ سے ہوٹل کے کمرے، کھانے، شہر اور پورے ملک تک پھیل جاتی تھی۔ برسوں بعد مظفر علی نے کوکا کی تصویر صرف یادداشت کے سہارے پینٹ کی۔
یہ قصہ پڑھتے ہوئے پی آئی اے کا خیال آنا فطری ہے۔ ’باکمال لوگ لاجواب سروس‘ والا وہ دور بھی ایک ایسی ہی یاد ہے جو ہماری ایک پوری نسل کے ذہن میں محفوظ ہے۔ شاید کوکا ٹھیک کہتے تھے کہ اصل سرمایہ جہاز نہیں، یادیں ہوتی ہیں۔
بارھواں سبق: پہلا قدم اٹھانے والے کی ہمت












