خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہدِ مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فلسطینی بچہ علاج کی غرض سے ریاض پہنچ گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فلسطینی بچہ محمد حجازی کو ریاض کے شاہ خالد آئی اسپیشلسٹ ہسپتال میں علاج کی غرض سے لایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
غزہ پٹی میں اسرائیلی قابض افواج کی کارروائیوں سے محمد حجازی کی بنیائی ختم ہو گئی تھی ۔ شاہ سلمان امدادی مرکز کی انتظامیہ نے شاہی احکامات موصول ہوتے ہی بچے کو مملکت منتقل کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا۔ مرکز کی ٹیموں نے متاثرہ بچے کو اسکے اہل خانہ سمیت اردن منتقل کیا جہاں سے انہیں ریاض بھیج دیا گیا۔
دریں اثنا عربی جریدے شرق الاوسط کے مطابق سات سالہ محمد حجازی شمالی غزہ کے ’جبالیا‘ کیمپ میں مقیم تھا جہاں وہ اپنے ساتھی بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ وہاں موجود دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے معدنی ٹکرے اس کی آنکھ پر لگے جس سے اس کی بائیں آنکھ ضائع ہو گئی جبکہ دائیں آنکھ بھی شدید متاثر ہوئی۔
بینائی سے محروم ہو جانے والے کم سن محمد حجازی کو ریاض کے آئی اسپیشلسٹ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ماہرین امراض چشم کی ٹیم بچے کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد علاج کے مراحل کا آغاز کرے گی۔