Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مملکت سے خوبصورت یادیں لے جا رہے ہیں‘، شاہی مہمانوں کی واپسی شروع

امسال 2 ہزار سے زائد افراد نے شاہی ضیافت میں حج ادا کیا(فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین ضیافت پروگرام برائے حج و عمرہ کے مہمانوں کی حج ادائیگی کے بعد واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ وزارت اسلامی امور و دعوۃ والارشاد شاہی ضیافت برائے حج وعمرہ پروگرام کی نگران ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق رواں سال شاہی ضیافت پروگرام کے تحت 100 سے زائد ممالک کے 2 ہزار 443 مرد و خواتین نے حج کی سعادت حاصل کی۔
شاہی مہمانوں کو مناسک حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ لایا گیا جہاں انہوں نے مسجد نبوی میں حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔ بعد ازاں مہمانوں کو مسجد قبا اور دیگر اسلامی تاریخی مقامات پر لے جایا گیا۔
شاہی ضیافت میں آنے والے مہمانوں نے بہترین سہولیات میں حج کی ادائیگی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
مہمانوں کے پہلے گروپ کو مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رخصت کیا گیا۔
اس موقع پر وزارت اسلامی امور کے ریجنل عہدیدار بھی موجود تھے جنہوں نے انہیں الوداع کہا۔
شاہی مہمانوں کا کہنا تھا کہ وہ مملکت سے خوبصورت یادیں لے کر جا رہے ہیں جو دلوں پر نقش ہو گئی ہیں۔

شیئر: