مکہ مکرمہ : وزیر اسلامی امور کی شاہی مہمانوں سے ملاقات
امسال 1300 افراد شاہی مہمان کے طورپر حج کریں گے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے شاہی میزبانی میں آنے والے عازمین حج سے ملاقات کی اور مختلف امور کا جائزہ لیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر اسلامی امورنے اپنے وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں شاہی ضیافت میں آنے والے عازمین حج سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
وزیر اسلامی امور نے شاہی مہمانوں کی خدمت کے لیے مخصوص کمیٹی کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی تاکہ مہمانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور حج انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں۔
اس موقع پر شاہی ضیافت میں آنے والے مہمانوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پیش کی جانے والی مثالی خدمات کی تعریف کی۔
واضح رہے امسال شاہی ضیافت میں 100 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 1300 افراد حج ادا کریں گے جن میں پاکستان سے آنے والے بھی شامل ہیں۔
شاہی حج و عمرہ میزبانی کے پروگرام کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا اس وقت سے اب تک 140 ممالک کے 65 ہزار سے زائد افراد شاہی مہمان کے طورپر حج ادا کرچکے ہیں۔