Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں موجود ایرانی حجاج کی بحفاظت واپسی تک سپورٹ کی ہدایت

اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزارت حج و عمرہ کو مملکت میں موجود ایرانی حجاج کی بحفاظت واپسی تک تمام ممکنہ سہو لتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں جبکہ امارات کی فضائی کمپنیوں نے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایران کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت میں موجود ایرانی حجاج کے حوالے سے درخواست کی تھی۔
 مملکت میں موجود ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا ’ایرانی حجاج کے حوالےسے سعودی بھائیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
قبل ازیں انہوں نے سعودی عرب کے موقف کو سراہا جس میں مملکت کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے طاقت کے استعمال کو مسترد اور اختلافات کو حل کرنے کےلیے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

 

شیئر: