مکہ اور ریاض میں شدید گرمی، جدہ اور ینبع میں تیز ہوا
’گرمی کی لہر سے مدینہ منورہ اورشمالی حدود ریجن بھی متاثر رہیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے جدہ اور ینبع کے رہائشیوں کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سے لے کر شام 6 بجے تک تیز ہوا چلے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’دونوں ساحلی شہروں میں ہوا کی رفتار 49 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے‘۔
محکمہ نے کہاہے کہ ’جدہ اور ینبع کے سمندر میں اونچی موجیں اٹھیں گی جبکہ تیز ہوا کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج اتوار کو مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں گرمی کی شدید لہر جاری رہے گی۔
گرمی کی لہر سے مدینہ منورہ اورشمالی حدود ریجن بھی متاثر رہیں گے جہاں گرد آلود ہوا چلے گی۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد آلود ہوا سے الجوف، تبوک اور حائل بھی متاثر ہوں گے جہاں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے‘۔
’سعودی عرب کے جنوب میں عسیر، جازان اور نجران میں مطلع گرد آلود ہے جہاں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’بحیرہ احمر میں شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے اور جس کے باعث ایک سے دو میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
’اسی طرح خلیج عرب کے سمندر میں بھی شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار بعض أوقات 35 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے‘۔