سعودی عرب میں شجرکاری کی قومی مہم کے سلسلے میں مملکت کے الشرقیہ ریجن میں اب تک 31 ملین درخت لگائے جا چکے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ درخت سعودی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن کی جانب سے لگائے گئے۔ اس مہم کو گزشتہ برس نومبر میں شروع کیا گیا تھا جس میں 51 اداروں نے حصہ لیا۔

حکام کا عزم یہ ہے کہ 2100 تک ریجن میں 1.5 بلین درخت لگائے جائیں جس کے نتیجے میں 7.9 ہیکٹر زمین کو پھر سے آباد کر دیا جائے گا۔
یہ سکیم سعودی عرب کے گرین انیشی ایٹیو کی قومی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد مملکت میں 10 بلین درخت لگانا ہےجن کی تعداد 2030 تک 600 ملین تک پہنچ جائے گی۔ نتیجتاً، اس مہم سے 40 ملین سے زیادہ ہیکٹر زمین کی آباد کاری ہوگی۔
درخت لگانے کے ساتھ ساتھ، مملکت کا قومی مرکز ماحولیاتی نگرانی کے عمل کے ایک پروگرام سے بھی وابستہ ہے تاکہ غیر قانونی طور پر درختوں کے کاٹنے کو روکا جائے اور اس سلسلے میں الشرقیہ ریجن میں لوگوں میں آگاہی پیدا کی جائے۔

یہ مرکز، کاشتکاری کے لیے استعمال ہونے والی زمین میں ریت پر ناجائز قبضے کو روکنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے کیونکہ اس عمل سے زمین ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے اور اس پر مقامی پودوں کے مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والے پودے اگنا شروع ہوجاتے ہیں جو جانوروں کی قدرتی پناہ گاہوں کا ماحولی توازن درست کرتے ہیں۔
یہ مرکز، وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کے ساتھ شراکت کے ذریعے درخت لگانے کے سیزن کا انتظام بھی کرتا ہے۔