پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پانچ برس بعد لاہور سے پیرس کی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدھ کو پی آئی اے کی پہلی ہفتہ وار پرواز لاہور سے پیرس کے لیے دوپہر 12 بجے روانہ ہوئی۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز پی کے 733 کے ذریعے 276 مسافر پیرس کے لیے روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان میں کون سی نئی ایئر لائنز اپنی سروس شروع کر رہی ہیں؟Node ID: 879151
-
پاکستان میں کون سی ایئرلائنز سستے ٹکٹ فروخت کر رہی ہیں؟Node ID: 887847
پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے پیرس کی ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔
بیان کے مطابق اس پرواز کے لیے بوئنگ 777 طیارہ آپریٹ کیا گیا جس کے اندرونی كبین کی مسافروں کی سہولت کے لیے حال ہی میں از سر نو تزئین و آرائش کی گئی تھی۔
پی آئی اے کی پیرس جانے والی پرواز کے آغاز پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔
لاہور سے پہلی پرواز کے مسافروں کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات، چیف آپریٹنگ افسر خرم مشتاق، فرانس ایمبیسی کے ہیڈ آف مشن فرینک آبرے اور ہوابازی کے دیگر اعلیٰ حکام نے رخصت کیا۔