Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عجمان پولیس نے ایشیائی خاتون کی خواہش پوری کردی، اماراتی خاندان سے ملادیا

ملاقات خوشی کے آنسو اور خوبصورت یادوں سے بھری ہوئی تھی (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کی پولیس نے ایشیائی خادمہ کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے برسوں بعد اماراتی خاندان سے ملا دیا۔
امارات الیوم کے مطابق سری لنکا سے تعلق رکھنے والی ’روجینا‘ ملازمت کے لیے 1982 میں امارات آئی جہاں وہ ایک اماراتی خاندان کے ہاں گھر کا کام کرنے لگی۔
سری لنکن خادمہ نے امارات میں پانچ برس اسی خاندان کے پاس کام کیا اور 1987 میں واپس لوٹ گئی تاہم اس خاندان کی طرف سے ملنے والی شفقت اور احترام اس کے دل میں رہا۔
رواں برس روجینا اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کےلیے امارات آئی تو اسے 40 برس قبل یہاں گزرے دنوں کی یاد ستانے لگی مگر اس کے پاس اماراتی خاندان کا کوئی ایڈریس نہیں تھا۔
سری لنکن خاتون نے عجمان پولیس کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ ماضی کی یادوں کو تازہ کرنا چاہتی ہے مگر جن لوگوں سے ملنے کی خواہش تھی ان کے بارے میں صرف نام کے علاوہ کچھ نہیں جانتی۔ چار دہائیوں میں وہاں کی دنیا ہی بدل چکی تھی۔
عجمان پولیس نے روجینا کی وڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر اپ لوڈ کی تاکہ اماراتی خاندان کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔
سوشل میڈیا پر خادمہ کا جذباتی وڈیو پیغام وائرل ہونے پرعجمان پولیس کو اس خاندان کے بارے میں معلومات حاصل ہوگئیں۔
اماراتی خاندان نے برسوں قبل ان کی خدمت گزار خاتون کو دیکھا تو وہ اس سے پرجوش طریقے سے ملے اور اپنے گھر لے گئے۔
سری لنکن خادمہ اور اماراتی خاندان کی جذباتی ملاقات خوشی کے آنسو اور خوبصورت یادوں سے بھری ہوئی تھی۔

 

شیئر: