میڈیکل کی طالبات نے سعودی شہری کی جان بچا لی
سعودی شہری کی جان بچانے والی میڈیکل کی طالبات دونوں بہنیں ہیں(فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط کے ایک سیاحتی مقام پر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ آنے والی میڈیکل کے تیسرے سال کی دو سعودی طالبات نے ایک شہری کی جان بچا لی۔
العربیہ کے مطابق تفریح کے لیے آنے والا سعودی شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ کھانا کھا رہا تھا کہ اچانک اس کے گلے میں کچھ پھنس گیا جس سے اس کی سانس رکنے لگی۔
یہ صورتحال دیکھ کر دونوں طالبات فوری طور پر وہاں پہنچ گئیں۔ ایک نے فوری مداخلت کرتے ہوئے ابتدائی طبی مدد فراہم کی جبکہ دوسری طالبہ نے ہلال الاحمر کو ٹیلی فون کیا۔
ہلال الاحمر کے آنے تک متاثرہ شخص کی سانس قدرے بحال ہو چکی تھی تاہم اس کی حالت مکمل طور پر نہیں سنبھلی تھی، ہلال احمر کے عملے نے اسے طبی امداد اور آکسیجن فراہم کی جس کے بعد حالت بہتر ہوگئی۔
سعودی شہری کی جان بچانے والی میڈیکل کی طالبات ناردین اور دارین دونوں بہنیں ہیں اور کنگ خالد یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔
سعودی طالبہ ناردین نے بتایا پارک میں رات کا کھانا کھا رہے تھے کہ دیکھا ایک شخص جو اپنی فیملی کے ہمراہ تھا اس کے دم گھٹنے لگا ہے، جس پر میں اور میری بہن مدد کو پہنچے۔
