امارات کے ہسپتال میں اپنے خاندان کو کھونے والے فلسطینی بچے کا علاج
حملے میں اس کا جسم آگ سے تین درجے تک جھلس چکا تھا۔ ( فوٹو: امارات الیوم)
غزہ پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے باعث تنہا رہ جانے والے تین سالہ زخمی ’حاتم عوض‘ کا امارات کے ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
امارات الیوم کے مطابق تین سالہ حاتم کو جب علاج کےلیے امارات لایا گیا تھا اس وقت اس کی حالت نازک تھی۔ اسرائیلی افواج کی بمباری سے اس کا جسم جھلس گیا تھا۔
معصوم حاتم عوض کو جسمانی اذیت کا ہی سامنا نہیں کرنا پڑا تھا بلکہ اسے جس روحانی صدمے سے گزرنا پڑ رہا ہے وہ اس کے ننھے سے دل کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
غزہ پر جاری اسرائیلی حملے میں کم سن حاتم کا پورا خاندان جان سے گیا جبکہ وہ شدید زخمی ہوا۔ اس کا جسم آگ سے تین درجے تک جھلس چکا تھا۔
امارات کے شخبوط میڈیکل سٹی کے سی ای او ڈاکٹر عبدالقادر کا کہنا تھا ’حاتم کو 12 جون کو علاج کےلیے لایا گیا اس وقت اس کی حالت کافی خراب تھی تاہم میڈیکل ٹیم نے فوری طورپر علاج کے لیے اقدامات کیے اورعلاج شروع کیا گیا۔
