Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ایک ہزار کا ’نیا کرنسی نوٹ‘ وائرل، حقیقت کیا ہے؟

سٹیٹ بینک نے گزشتہ سال ستمبر میں نئے کرنسی نوٹ مقابلے کے فاتح ڈیزائنز کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: سٹیٹ بینک آف پاکستان)
سوشل میڈیا پر ان دنوں ہزار روپے کے ایک مبینہ نئے کرنسی نوٹ کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے ہیں۔
انسٹاگرام، فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر وائرل ان ویڈیوز میں ایک نئے ڈیزائن کا ہزار روپے کا نوٹ دیکھا جا سکتا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
تاہم اس حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کسی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی اور نہ ہی کسی نئے کرنسی نوٹ کے جاری ہونے کی تصدیق سامنے آئی ہے۔ 
وائرل ویڈیوز کے بعد ایک ٹویٹ بھی سامنے آئی ہے جس میں علی اسامہ نامی ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ ہزار روپے کا وائرل نوٹ دراصل ’انہوں نے خود ڈیزائن کیا تھا اور یہ محض ایک تخلیقی نمونہ ہے، جسے حقیقت کا رنگ دے کر سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے۔
ستمبر 2024 میں سٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ایک آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا تھا جس میں مقامی آرٹسٹس نے اپنے ڈیزائن پیش کیے۔ اس کے بعد سٹیٹ بینک کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی تھی جس میں مقابلہ جیتنے والے فنکاروں کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائنز شامل تھے۔
تاہم اس وقت بھی سٹیٹ بینک نے وضاحت کی تھی کہ ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں کی جانب سے اس اعلان کو نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ کے طور پر تعبیر کیا گیا، حالانکہ آرٹ مقابلے کا مقصد صرف فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نوازنا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق، آرٹ مقابلے میں فاتح قرار دیے گئے ڈیزائن بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کے حتمی ڈیزائن معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے ذریعے تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک اپنے ڈیزائنز پیش کریں گی، جنہیں سٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد جنوری 2025 میں وفاقی حکومت کو منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد ہی نوٹوں کی چھپائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔‘

نئے نوٹ کب آئیں گے؟

رواں برس کے آغاز میں، سٹیٹ بینک کے گورنر نے اعلان کیا تھا کہ 2025 میں نئے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں آ جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مکمل طور پر نئے ڈیزائن کے ساتھ کرنسی نوٹ جاری کیے جائیں گے، تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ پہلے مرحلے میں کون سی مالیت کا نوٹ جاری کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کی ویڈیوز جعلی ہیں اور سٹیٹ بینک کی جانب سے ان کی واضح تردید آ چکی ہے۔ نئے کرنسی نوٹوں کی حقیقی سیریز پر کام جاری ہے اور ان کا اجرا وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی ممکن ہو گا۔

شیئر: