’ابوبکر کی زندگی میں بھی کوئی تھی؟‘ ڈرامہ ’درِ نجات‘ کے مداحوں کا تجسس
جمعرات 19 نومبر 2026 11:59
پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ میں ابوبکر کا ماضی بھی کہانی کا اہم حصہ بننے جا رہا ہے۔(فوٹو:ویڈیو گریب)
پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ میں ابوبکر کا ماضی بھی کہانی کا اہم حصہ بننے جا رہا ہے، جس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے میں (شہریار منور) ابوبکر، (درفشاں سلیم) زریاب اور (نمیر خان) زامل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی زریاب کے گرد گھومتی ہے، جسے زامل کی جانب سے چھوڑے جانے کے بعد ابوبکر کی صورت میں ایک ایسا ہم سفر ملتا ہے جو اس کی زندگی میں محبت اور دین سے قربت کا نیا سفر شروع کرنے کا سبب بنتا ہے۔
ابوبکر کے ماضی سے متعلق تجسس اس وقت بڑھا جب ڈرامے کے نئے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) میں انہیں ایک لڑکی کے ساتھ مختلف مناظر میں دیکھا گیا۔
اس کے بعد ناظرین یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ آخر یہ لڑکی کون ہے اور کیا ابوبکر کی زندگی میں بھی کوئی تھی؟
انسٹاگرام صارف لبنیٰ عبداللہ نے اپنی ایک میں دعویٰ کیا ہے کہ او ایس ٹی میں نظر آنے والی لڑکی ابوبکر کی کزن اور سابقہ گرل فرینڈ ہے۔
لبنیٰ کے مطابق ابوبکر اور اس لڑکی کے درمیان ہارورڈ یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران محبت ہوئی تھی تاہم ایک تیسرے شخص کی وجہ سے پیدا ہونے والی غلط فہمی کے باعث لڑکی اسے چھوڑ کر چلی گئی۔
لبنیٰ عبداللہ کی اس ریل پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے اور بعض نے اس ممکنہ کہانی کے بارے میں مزید سوالات بھی اٹھائے۔
ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں اسی نظریے کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا گیا کہ ممکن ہے یہ لڑکی ابوبکر سے شادی کرنا چاہتی تھی، لیکن وہ پاکستان واپس آکر یہاں آباد نہیں ہونا چاہتی تھی، جس کے باعث دونوں کے راستے جدا ہوگئے۔

انسٹاگرام پر ایک صارف نے ایک مختلف نظریہ پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ممکن ہے ابوبکر اپنی والدہ کے کینسر اور خراب صحت کے باعث پاکستان واپس آنا چاہتا ہو، کیونکہ وہ والدہ کی طبیعت کی وجہ سے ملک سے باہر منتقل نہیں ہونا چاہتا تھا۔
صارف کے مطابق لڑکی پاکستان آکر آباد ہونے پر آمادہ نہیں تھی، اسی اختلاف کی وجہ سے دونوں کو الگ ہونا پڑا۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان مرد اہلِ کتاب یعنی مسیحی اور یہودی خواتین سے شادی کر سکتے ہیں، تاہم ایسی صورت میں بچوں کا مذہب والد کے مطابق ہوتا ہے۔
صارف نے اداکارہ سنیتا مارشل اور ان کے شوہر حسن احمد کی مثال بھی دی اور کہا کہ اس لیے صرف مذہب کو ابوبکر اور لڑکی کی علیحدگی کی وجہ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔
لبنیٰ عبداللہ کی ریل کے کمنٹس میں کئی صارفین نے اس ممکنہ انکشاف پر سوالات اٹھائے۔
ایک صارف نے پوچھا کہ انہیں اس کہانی کا کیسے معلوم ہوا، جبکہ ایک اور نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عمیرہ احمد نے خود انہیں یہ سب بتایا ہے؟
کچھ مداحوں نے سپائلرز دینے سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا اور لکھا کہ کہانی کے اہم موڑ پہلے ہی ظاہر نہ کیے جائیں۔
اس حوالے سے انسٹاگرام پر صارف لبنیٰ عبداللہ نے اپنی ایک اور ریل میں قیاس آرائی کرتے ہوئے لکھا کہ ممکن ہے یہ لڑکی ابوبکر سے شادی کرنا چاہتی تھی، لیکن وہ مسلمان نہیں تھی اور مذہب تبدیل کرنے پر بھی آمادہ نہیں تھی۔ ایسے میں ابوبکر نے اس سے شادی کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث دونوں ایک نہ ہو سکے۔
ایک صارف نے جواب میں اس تھیوری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے او ایس ٹی میں نظر آنے والی لڑکی ابوبکر کے بجائے اس کے والد کی ماضی کی زندگی سے تعلق رکھتی ہو۔
اسی صارف کے مطابق ابوبکر پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ اسے شروع سے زریاب سے محبت تھی اور اس نے اس سے پہلے کبھی کسی اور سے محبت نہیں کی، تو پھر او ایس ٹی میں نظر آنے والی لڑکی اس کی سابقہ گرل فرینڈ کیسے ہو سکتی ہے؟
دوسری جانب شیریار منور نے ڈیوا میگزین پاکستان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے کردار ابوبکر اور زریاب کے تعلق کے حوالے سے بھی بات کی۔
اداکار کے مطابق ابوبکر کو شروع سے ہی زریاب سے محبت تھی اور انہوں نے اپنے کردار کو اسی تصور کے تحت ادا کیا ہے۔
شہریار منور نے بتایا کہ انہوں نے ابوبکر کے کردار میں چھوٹے چھوٹے اشارے شامل کیے تاکہ ناظرین اس کی زریاب سے محبت کو محسوس کر سکیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ابوبکر کو یاد تھا کہ زریاب کو پاستا پسند ہے، حالانکہ یہ بات کشور خالہ نے صرف ایک مرتبہ بتائی تھی۔
اداکار نے ابوبکر کو ’پیپل پلیزر‘ اور ’سیور کمپلیکس‘ کا شکار کردار بھی قرار دیا، یعنی ایسا شخص جو دوسروں کو خوش رکھنے اور انہیں مشکلات سے بچانے کی کوشش کرتا ہے۔
ان کے اس بیان کے بعد مداحوں کے لیے ابوبکر کے کردار اور زریاب کے ساتھ اس کے تعلق کو سمجھنے کے نئے پہلو سامنے آئے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ عمیرہ احمد ابوبکر کے ماضی سے متعلق مداحوں کی قیاس آرائیوں میں سے کس کو حقیقت کا روپ دیتی ہیں۔ کیا او ایس ٹی میں نظر آنے والی لڑکی واقعی ابوبکر کی ہارورڈ کے زمانے کی محبت ہے؟ اور کیا اس کی علیحدگی کی وجہ والدہ کی بیماری اور پاکستان واپسی تھی یا اس لڑکی کا تعلق اس کے والد کی ماضی کی کہانی سے ہے؟
