’ابھی بہت آگے جانا ہے‘، فیشن شو میں پگڑی سجائے سکھ ماڈل کی واک، تصاویر وائرل
جمعرات 19 نومبر 2026 13:59
نوجوت کور نے اپنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اسے ایک طویل سفر کی ابتدا قرار دیا۔(فوٹو:انسٹاگرام )
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں انڈین نژاد سکھ ماڈل نوجوت کور نے سر پر دستار سجائے فیشن شو کے ریمپ پر واک کرکے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
فیشن شو میں شریک نوجوت کور نے دیگر ماڈلز کے ساتھ پگڑی باندھ کر ریمپ پر واک کی، جس میں ان کی مذہبی شناخت، تاریخ اور ثقافت کی جھلک نمایاں نظر آئی۔
نوجوت کور نے فیشن شو کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اسے ایک طویل سفر کی ابتدا قرار دیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’ابھی بہت آگے جانا ہے، یہ تو صرف آغاز ہے۔ میں نے کبھی اس کا تصور نہیں کیا تھا، لیکن آج یہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انسان اپنی شناخت، تاریخ اور عقیدے کو ساتھ لے کر دنیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر مضبوطی سے کھڑا ہو سکتا ہے، بس اپنے اندر موجود طاقت پر یقین ہونا چاہیے۔
نوجوت کور نے مزید لکھا کہ انہوں نے اس پلیٹ فارم پر اپنی بہترین نمائندگی کی ہے اور آنے والے برسوں میں بھی ایسا ہی کرتی رہیں گی۔
انہوں نے موقع فراہم کرنے والے ڈیزائنرز سے بھی محبت اور تشکر کا اظہار کیا۔
انسٹاگرام پر اس پوسٹ کو صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، جہاں اکثر نے سکھ شناخت اور ریمپ پر دستار کی نمائندگی کو سراہا۔
ایک صارف نے پنجابی زبان میں لکھا ہے ’خالصہ کی پہچان الگ نہیں، خالصہ خود ہی ایک الگ پہچان ہے۔‘ایک صارف نے انہیں ’شاندار‘ قرار دیا، ایک نے ’ملکہ جیسی خوبصورت‘ کہا، جبکہ ایک اور صارف نے انہیں ’پیاری سردارنی‘ لکھا ہے۔
کئی صارفین کا کہنا ہے کہ ریمپ پر دستار اور کمر پر کرپان دیکھ کر انہیں اپنی تاریخ یاد آ گئی۔
اس حوالے سے ایک صارف نے تجسس کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ان کی سائیڈ پر لگی چیز کیا ہے۔ اس پر نوجوت کور نے خود جواب دیا کہ ’یہ کرپان ہے، جو عزت اور حفاظت کی علامت ہے۔‘
