’ساری آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ کا علم تھا‘، کیمرون بینکرافٹ کا دعویٰ
’ساری آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ کا علم تھا‘، کیمرون بینکرافٹ کا دعویٰ
بدھ 18 نومبر 2026 15:27
کیمرون بینکرافٹ نے یہ انکشاف ایسے وقت میں کیا ہے جب کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 میں بال ٹیمپرنگ کے معاملے کی تحقیقات دوبارہ کھولنے سے انکار کر دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے کہا ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران ’بال ٹیمپرنگ‘ کے منصوبے سے ساری آسٹریلوی ٹیم واقف تھی، جبکہ موجودہ کپتان پیٹ کمنز اس دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیمرون بینکرافٹ نے یہ انکشاف ایسے وقت میں کیا ہے جب کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 میں بال ٹیمپرنگ کے معاملے کی تحقیقات دوبارہ کھولنے سے انکار کیا ہے۔
کیمرون بینکرافٹ نے اخبار ’دی ویسٹرن آسٹریلین‘ میں لکھا کہ گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے سے صرف وہ، سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر ہی واقف نہیں تھے بلکہ ’ساری ٹیم کو اس کا علم تھا۔‘
انہوں نے اعتراف کیا کہ کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کے دوران انہوں نے مکمل سچ نہیں بتایا اور اہم تفصیلات چُھپائی تھیں۔ ان میں گیند پر سینڈ پیپر کے استعمال کا آغاز، اس کا دورانیہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کی آگاہی شامل تھی۔
بینکرافٹ کے مطابق انہوں نے ایسا کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کو تحفظ دینے اور دیگر کھلاڑیوں کو اس معاملے میں ملوث ہونے سے بچانے کے لیے کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ اس کا مقصد گیند کی سطح کھردری کر کے ریورس سوئنگ حاصل کرنا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں اس وقت کے کپتان سٹیو سمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ تینوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا تھا اور ان پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے گذشتہ ہفتے اپنی سوانح عمری میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ پوری ٹیم کو اس معاملے کا علم تھا۔ ان کے قریبی دوست ڈیوڈ وارنر نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی تھی۔
تاہم پیٹ کمنز نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں عثمان خواجہ کے دعوے کو ’سو فیصد غلط‘ اور ’مکمل طور پر بے بنیاد‘ قرار دیا تھا۔
بینکرافٹ نے کہا کہ عثمان خواجہ کی کتاب اور پیٹ کمنز کی حالیہ تردید نے انہیں اس معاملے پر خاموشی توڑنے پر مجبور کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بینکرافٹ نے کہا کہ عثمان خواجہ کی کتاب اور پیٹ کمنز کی حالیہ تردید نے انہیں اس معاملے پر خاموشی توڑنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے لکھا کہ خواجہ کی کتاب میں واقعات کی ترتیب سامنے آنے سے انہیں ذاتی طور پر سکون ملا، تاہم پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس سے انہیں ’غصے، دھوکے اور تنہائی‘ کا احساس ہوا۔
بینکرافٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے دورے میں انہوں نے جو کچھ دیکھا اور تجربہ کیا، وہ پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس اور گزشتہ برسوں میں ان کے بیانات سے مختلف تھا۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے بدھ کو واضح کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور انہیں دوبارہ نہیں کھولا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیئرمین ڈیوڈ بون نے کہا کہ ایک آزاد فورم قائم کیا جائے گا، جہاں 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے میں شامل کھلاڑی اور عملہ اپنے تجربات اور مؤقف بیان کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ ماضی کے واقعات پر دوبارہ بحث کرنے کا معاملہ نہیں بلکہ اس میں شامل افراد کو اپنی بات کہنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔‘
عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے فورم کے قیام کی حمایت کی ہے، تاہم خواجہ نے اس کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آخر میں بورڈ ہی فیصلہ کرے گا کہ کون سی معلومات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی فورم میں اپنا مؤقف پیش کرتا ہے تو بورڈ یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ اس کی بات عوام کے سامنے نہ لائی جائے۔