Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی یوٹیوبر سنییکو افغانستان پہنچ گئے، طالبان کے دورِ حکومت میں پہلی لائیو نشریات

سنییکو کے ہمراہ اسٹریمر دی آرتھوڈوکس مسلم بھی افغانستان پہنچے ہیں، جنہیں لیبیانو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔(فوٹو:ویڈیو گریب)
امریکی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سنییکو افغانستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے ساتھی سٹریمر دی آرتھوڈوکس مسلم کے ہمراہ ملک کے مختلف علاقوں سے براہِ راست نشریات کریں گے۔ 
ان کی آمد اور افغانستان سے لائیو اسٹریم کے اعلان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں بعض صارفین اسے افغان ثقافت اور عوام کی زندگی دنیا کو دکھانے کا موقع قرار دے رہے ہیں۔
سنییکو، جن کا اصل نام نکولس کین ڈی بالنٹھیزی ہے، 18 نومبر کو افغانستان پہنچے۔ 
سنییکو کے ہمراہ اسٹریمر دی آرتھوڈوکس مسلم بھی افغانستان پہنچے ہیں، جنہیں لیبیانو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ 
دونوں نے 16 نومبر کو اپنے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ افغانستان سے پہلی مرتبہ آئی آر ایل (ان ریئل لائف) لائیو سٹریم کریں گے، جس کے ذریعے ناظرین ملک کے مختلف عوامی مقامات، ثقافت اور روزمرہ زندگی کو براہِ راست دیکھ سکیں گے۔
سنییکو نے 2023 میں اسلام قبول کیا تھا۔ ان کے مطابق اس دورے کا مقصد افغانستان کے بارے میں مغربی دنیا میں پائے جانے والے عمومی تاثر سے ہٹ کر وہاں کے عوام، ثقافت اور مہمان نوازی کو دکھانا ہے۔
سنییکو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مختصر پوسٹ میں لکھا ’میڈ اٹ ٹو افغانستان۔‘ 
ان کی پوسٹ کے ساتھ شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں روایتی افغانی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سنییکو کی افغانستان آمد پر متعدد صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔
سوشل میڈیا صارف عدنان رشید نے انہیں افغانستان کی تاریخ، ثقافت اور عوام کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے لکھا ’افغانستان کی تاریخ اور ثقافت سے لطف اندوز ہوں، اس سرزمین کے باوقار لوگوں سے ملیں اور ان کی مہمان نوازی کا تجربہ کریں۔ ممکن ہے یہاں کا کھانا دنیا میں سب سے بہترین ہو۔‘
ایکس پر ایک اور صارف عمر عثمان نے سنییکو کو خوش آمدید کہتے ہوئے افغانستان کو ’سلطنتوں کا قبرستان‘ قرار دیا۔
انہوں نے لکھا ’ماشاءاللہ بھائی، سلطنتوں کے قبرستان میں خوش آمدید۔‘

اسی طرح میوزک انجینئر کے نام سے موجود اکاؤنٹ نے لکھا کہ افغانستان ایک خوبصورت جگہ ہے اور سنییکو کو وہاں مستقل قیام کرنا چاہیے۔
کئی دیگر صارفین نے بھی ان کے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی لائیو نشریات سے افغانستان کی ثقافت اور عام لوگوں کی زندگی کے بارے میں دنیا کو جاننے کا موقع ملے گا۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے افغانستان میں انٹرنیٹ اور لائیو اسٹریمنگ کی سہولت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔(فوٹو:ایکس)

دوسری جانب سنییکو کے دورے پر تنقید کرنے والے صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا افغانستان سے نشر ہونے والی ویڈیوز میں ملک کی مکمل تصویر دکھائی جائے گی یا صرف وہ مناظر سامنے آئیں گے جو سیاحوں کو دکھائے جاتے ہیں؟
بعض صارفین نے خدشہ ظاہر کیا کہ سنییکو افغانستان میں مہمان نوازی، خوبصورت مقامات اور عوامی زندگی کو دکھائیں گے، لیکن طالبان حکومت کے دور میں خواتین اور لڑکیوں کو درپیش مشکلات پر بات نہیں کریں گے۔
ایکس صارف ’ابراہیم پی جے‘ نے لکھا کہ افغانستان خواتین اور لڑکیوں کے لیے دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، جہاں تعلیم، آزادی اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اسنییکو کو خبردار کیا کہ طالبان کے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں۔

ایک اور صارف ’اوہائیو روب‘ نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ سنییکو بتائیں کہ انہیں افغانستان میں کتنی خواتین نظر آئیں اور کوشش کریں کہ عوامی مقامات پر خواتین سے بات چیت اور انٹرویوز بھی کریں۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے افغانستان میں انٹرنیٹ اور لائیو اسٹریمنگ کی سہولت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ 
کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک میں براہِ راست نشریات کے دوران انہیں مختلف پابندیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایک صارف نے خدشہ ظاہر کیا کہ خواتین کو فلمانے اور عوامی مقامات پر ویڈیو بنانے کے حوالے سے بھی مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

سنییکو کی لائیو نشریات کہاں دیکھی جا سکتی ہیں؟

سنییکو اپنے ویڈیوز اور لائیو نشریات اسٹریمنگ پلیٹ فارم کِک  اور اس کے ساتھ یوٹیوب پر نشر کرتے ہیں۔ افغانستان کے دورے کی لائیو نشریات بھی ان کے اکاؤنٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

شیئر: