Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں: سعودی عرب

بیان کے مطابق ’امید ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’سعودی عرب خطے میں کشیدگی ختم کرکے فریقین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔‘
وزارت خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔ طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں گے اور یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا تاکہ مسلسل کشیدگی کے خطرات سے بچا جا سکے‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب ایک بار پھر اپنے اس پختہ مؤقف کا اعادہ کرتا ہے کہ علاقائی تنازعات اور اختلافات کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارتی ذرائع اپنانے چاہییں تاکہ ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کیا جا سکے اور خطے و دنیا میں امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔‘
 

شیئر: