دمام ملک کا گرم ترین شہر، جازان میں گرج چمک کے ساتھ بارش
’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مطلع گرد آلود رہے گا جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج منگل کو دمام ملک کا گرم ترین شہر ہے جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’شدید گرمی کے ساتھ دمام اور مشرقی ریجن کے دیگر شہروں میں گرد وغبار اور گرم ہوا چلے گی‘۔
’ملک کا دوسرا گرم ترین شہر بریدہ ہے جہاں 44 ڈگری، مدینہ منورہ میں 43 ڈگری اور مکہ مکرمہ میں 42 ڈگری ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ابہا جو ملک کا سرد ترین شہر مانا جاتا ہے وہاں آج 32 ڈگری ہے جبکہ الباحہ میں سب کم گرمی 30 ڈگری ریکارڈ کی گئی ہے‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’جازان ریجن کے متعدد شہروں میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی توقع ہے‘۔
’جازان شہر کے علاوہ أبو عریش، احد المسارحہ، صامطہ اور دیگر میں موسلادھار بارش ہوگی جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مطلع گرد آلود رہے گا جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔