وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجاری مذاکرات اگلے ہفتے مکمل ہو جائیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان کے وزیر خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’دونوں اطراف مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کو اگلے ہفتے مکمل کرنے کا عزم کیا۔‘
پاکستان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے لاگو کیے گئے 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے۔ 2024 میں پاکستان کا سرپلس تین ارب ڈالر تھا۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے: شہباز شریفNode ID: 848056
تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے اور ٹیرف کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے امریکی خام تیل سمیت مزید اشیا درآمد کرنے اور امریکی کمپنیوں کے لیے مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔
رواں ہفتے دونوں ممالک نے پاکستان کے منرل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے ایک تقریب کی مشترکہ میزبانی کی تھی جس میں سات ارب ڈالر کا ریکوڈک پراجیکٹ بھی شامل تھا۔
دونوں حکومتوں کے سینیئر عہدیداروں اور امریکی سرمایہ کاروں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ریگولیٹری اصلاحات پر بات چیت کی تھی۔
امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک ریکوڈک میں 500 ملین سے ایک ارب ڈالر تک کی فنانسنگ کی تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی میزبانی کی تھی اور اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ تجارت نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایک بڑی کشیدگی سے بچنے میں مدد کی تھی۔