الزامات کی بجائے دہشت گردی پر شواہد کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے: ڈاکٹر مصدق ملک
الزامات کی بجائے دہشت گردی پر شواہد کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے: ڈاکٹر مصدق ملک
ہفتہ 21 نومبر 2026 9:43
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ خطے کی مجموعی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے (فوٹو: اے این آئی ایکس)
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر الزام تراشی کی بجائے شفاف طریقۂ کار وضع کرنے اور شواہد کی بنیاد پر بات آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں گزشتہ ڈیڑھ سے دو برس کے دوران ہزاروں افراد دہشت گردی کے واقعات میں جان سے جا چکے ہیں اور ہمیں ہر روز جنازوں کو کندھا دینا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ ممالک اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے جو کچھ ضروری سمجھیں گے، وہ کریں گے، تاہم خطے کی سلامتی کے لیے سنجیدگی اور متانت کے ساتھ گفتگو کرنا ناگزیر ہے۔
انڈیا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے موجود ڈاکٹر مصدق ملک نے انڈین ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر شفافیت لانے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں جانب سے شواہد سامنے لائے جائیں اور ایسا قابلِ اعتماد طریقۂ کار طے کیا جائے جس سے اعتماد بحال ہو اور مسائل کے حل کی راہ نکل سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد مرتبہ اس بات کی دعوت دے چکا ہے کہ اگر کسی فریق کے پاس شواہد ہیں تو وہ دوطرفہ طور پر پیش کیے جائیں۔ اِس معاملے پر کثیرملکی فورموں میں بھی پہلے بات ہو چکی ہے۔ اگر براہِ راست بات ممکن نہ ہو تو کسی ایسے دوست ملک کے ذریعے بھی شواہد کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے جس پر دونوں فریقوں کو اعتماد ہو۔ تاہم اب تک اس سلسلے میں بات زیادہ آگے نہیں بڑھ سکی۔
ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے اپنے بہت دُکھ اور تکالیف ہیں اور پڑوسی ملک میں بھی ایسے واقعات پیش آئے ہیں، لیکن پاکستان میں گزشتہ ڈیڑھ سے دو برس کے دوران ہزاروں افراد جان سے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی گفتگو کو محض متاثرہ ہونے کے احساس تک محدود نہیں کرنا چاہتے بلکہ چاہتے ہیں کہ اِن مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جائے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ دہشت گردی کی زد میں آنے والے تمام ممالک، خصوصاً پاکستان، اپنے عوام کی حفاظت کے لیے جو کچھ ضروری ہوگا کرے گا اور ہم کر بھی رہے ہیں۔ تاہم خطے کی مجموعی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ خطہ ہے اور اِس خطے کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ انڈیا میں کثیرملکی تعاون کے تناظر میں گفتگو کرنا چاہتے ہیں، کیوں کہ خطے کے مسائل صرف دو ممالک تک محدود نہیں۔ پڑوس میں ایران کو درپیش مسائل، وسطی ایشیا کی صورت حال اور افغانستان کے مسائل بھی اسی وسیع تر علاقائی تناظر کا حصہ ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کسی ایک واقعے یا دوطرفہ اختلاف کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے شواہد اور متفقہ طریقۂ کار کے ذریعے پورے خطے کے مسائل حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے انڈیا میں اپنے قیام اور شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے تجربے کے حوالے سے کہا کہ انہیں یہاں آ کر خوشی ہوئی ہے کہ ایسے بہت سے پڑوسی ممالک کے نمائندوں سے ملنے اور ان کا نقطۂ نظر سننے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے جن سے عام حالات میں اکٹھے بیٹھ کر گفتگو ممکن نہیں ہوتی۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر شفافیت لانے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں جانب سے شواہد سامنے لائے جائیں (فوٹو: ڈاکٹر مصدق ملک فیس بک آفیشل)
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر نیپال سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں کے ساتھ غیررسمی گفتگو بھی ہوئی ہے۔ ایسی ملاقاتوں میں صرف ثقافت اور تہذیب ہی نہیں بلکہ باہمی انسانی تعلقات اور ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنے کے مواقع بھی ملتے ہیں، جس سے اعتماد بحال کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اُن کے مطابق رسمی ملاقاتیں اور دوطرفہ دورے اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن مختلف ممالک کے نمائندوں کا ایک جگہ بیٹھ کر ایک دوسرے کے دُکھ درد اور نقطۂ نظر کو سمجھنا اور بہتر حل تلاش کرنا بھی ضروری ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اِس مکالمے میں فنون، موسیقی اور ادب پر بھی گفتگو ہو رہی ہے، جس سے سوچ کے نئے زاویے سامنے آ رہے ہیں۔ کبھی کبھار ہلکی پھلکی سیاسی گفتگو بھی ہو جاتی ہے، لیکن مختلف موضوعات پر اِس طرح کا تبادلۂ خیال نئے راستے اور سوچ کے نئے دروازے کھولتا ہے۔
انہوں نے انڈیا میں مزید مقامات دیکھنے اور لوگوں سے ملنے کے بارے میں سوال پر کہا کہ ان کا قیام چند روز کا ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سلسلے میں اگلا پورا دن مصروف گزرے گا۔ اِس لیے ممکن ہے کہ وہ اس مرتبہ زیادہ مقامات نہ دیکھ سکیں، تاہم جتنا وقت میسر آئے گا، وہ لوگوں سے ملنے اور مختلف جگہوں کو دیکھنے کی کوشش کریں گے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور انڈیا کی جانب سے ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے سلسلے میں آنے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا اور مستقبل میں بھی ایسے مواقع میسر آئیں گے۔