قصور: زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک، بیٹی کے خلاف مقدمہ درج
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس نے مدعی کی درخواست پر مقتول خاندان کی بیٹی غلام فاطمہ سمیت چار افراد کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق مقدمہ نمبر 1012/26 تھانہ کنگن پور میں 20 نومبر 2026 کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324 اور 34 کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں غلام فاطمہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے کھیر میں زہریلی گولیاں ملائی تھیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق واقعہ 22 اکتوبر 2026 کو صبح تقریباً 7 بجے ضلع قصور کے علاقے محمود خانیکے میں پیش آیا، جہاں قاسم علی، ان کی اہلیہ حسنہ بی بی اور ان کے چار بیٹوں نے مبینہ طور پر زہریلی کھیر کھائی جس کے بعد تمام افراد کی طبیعت بگڑ گئی۔
متاثرہ خاندان کو علاج کے لیے لاہور منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج پہلے ناظم علی 25 اکتوبر کو دم توڑ گئے۔ اس کے بعد 27 اکتوبر کو آصف علی، عمران علی اور خاندان کے سربراہ قاسم علی کی موت واقع ہوئی جبکہ حسنہ بی بی 28 اکتوبر کو انتقال کر گئیں۔ خاندان کے ایک بیٹے شوکت علی کی جان بچ گئی۔
ایف آئی آر میں مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمہ غلام فاطمہ نے اپنے مبینہ ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھیر میں زہریلی گولیاں ملائیں جس کے نتیجے میں خاندان کے افراد متاثر ہوئے۔ درخواست گزار نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے مدعی کی درخواست پر غلام فاطمہ اور تین دیگر نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
