Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی فٹ بال کلب ’النصر‘ کے ساتھ معاہدے میں دو سال کی توسیع

عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے کلب ’النصر‘ کے ساتھ اپنے معاہدے میں دو سال کی توسیع کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’سعودی پرو لیگ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کلب کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔‘
اس طرح پرتگال سے تعلق رکھنے والے فارورڈ نے اپنی 42 ویں سالگرہ سے پہلے ’النصر‘ کے ساتھ ہی اپنا سفر مزید دو سال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی کلب کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا گیا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو 2027 تک ’النصر‘ کے ساتھ رہیں گے۔‘
رواں برس جنوری میں رونالڈو نے روشن پروفیشنل لیگ ویب کو انٹرویو میں سعودی عرب میں اپنی آمد کو اپنے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا تھا، سعودی لیگ میں شامل ہونے والے سٹارز میں وہ سرِفہرست ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں خوش ہوں، میرا خاندان خوش ہے، ہم نے اس خوب صورت ملک میں ایک نئی زندگی کا آغاز کیا۔‘
النصر کلب کے ساتھ یادگار لمحات کے سوال پر سٹار فٹ بالر کا کہنا تھا کہ ’2023 میں الہلال کے ساتھ شاہ سلمان کپ کے لیے کھیلا گیا پہلا فائنل انتہائی دلچسپ اور پُرجوش تھا۔‘
یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2022 میں برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریاض کے النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔
وہ النصر کلب کی جانب سے اب تک 105 میچوں میں ریکارڈ 93 گول کر چکے ہیں۔
 

 

شیئر: