سری لنکا میں اسرائیلی سیاحوں کے رویے پر غم و غصہ، سوشل میڈیا پر بھی تنقید
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک اسرائیلی سیاح سری لنکا میں کشتی پر سوار ایک مقامی ٹور گائیڈ کو اچانک دھکا دے کر سمندر میں گرا دیتا ہے اور پھر اس ہنستا شروع کردیتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دیگر سیاح اس واقعے کی ویڈیو بھی بنا رہے تھے، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی سیاحوں کا ایک گروپ کشتی میں موجود ہے۔ اسی دوران اِن میں سے ایک سیاح اچانک ایک مرد ٹُور گائیڈ کو دھکا دے کر سمندر میں گرا دیتا ہے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا اور مقامی ورکر کے ساتھ اسرائیلی سیاحوں کے اس ’ناروا سلوک‘ پر سوالات اٹھائے۔
دوسری جانب اسرائیلی سیاحوں نے اس واقعے پر اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ
’یہ صرف ایک مذاق تھا، سری لنکن کارکن بالکل ٹھیک ہے، ہمارا مقصد اسے تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔‘
سیاحوں کی جانب سے ویڈیو سامنے آنے کے بعد اپنے خلاف ہونے والی تنقید اور منفی ردِعمل پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
تاہم اسرائیلی سیاحوں کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور صارفین اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ کسی بھی مقامی کارکن کی عزت، سلامتی اور وقار کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
