Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب سے 250 ہنر مند کارکن سعودی عرب کے توانائی منصوبے میں کام کے لیے جدہ روانہ

عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ روانگی سے قبل ان شہریوں کو صنعتی سیفٹی، ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ اور دیگر ضروری تربیت فراہم کی (فوٹو: عدنان چٹھہ ایکس)
پنجاب حکومت کے ایک عہدیدار کے مطابق 250 پاکستانی شہری اتوار کو سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ ہوئے، جہاں وہ ایک بڑے توانائی اور پاور پلانٹ منصوبے پر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ کے چیئرمین عدنان افضل چٹھہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ گزشتہ سال پنجاب حکومت کے ایک وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور مختلف کمپنیوں و آجر اداروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں اور بعد ازاں ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کی طلب اب عملی ملازمتوں میں تبدیل ہو رہی ہے۔
عدنان افضل چٹھہ کے مطابق’آج ہمارے 250 نوجوان ملازمت کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ ہوئے، جہاں وہ ایک بڑے توانائی اور پاور پلانٹ منصوبے پر کام کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کارکنوں میں سیفٹی انسپکٹرز، فیبریکیٹرز، ویلڈرز اور دیگر فنی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی حکومت ان کارکنوں کے سفری اور دیگر متعلقہ اخراجات میں معاونت فراہم کرے گی۔
عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ نے روانگی سے قبل ان شہریوں کو صنعتی سیفٹی، ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ اور دیگر ضروری تربیت فراہم کی۔
انہوں نے سعودی عرب جانے والے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ وہاں پاکستان کی مثبت نمائندگی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’اپنی محنت، دیانت داری اور نظم و ضبط کے ذریعے اپنے ملک کا نام روشن کریں، اپنے والدین کا سہارا بنیں اور اپنے خواب پورے کریں۔‘
پاکستان کی معیشت بیرون ملک کام کرنے والے لاکھوں پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر پر کافی حد تک انحصار کرتی ہے، خصوصاً خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی ادائیگیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 

شیئر: