گورنر قصیم شہزادہ فیصل بن مشعل نے خطے کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے اور اسے یکجا کرنے کے کام سراہتے ہوئے ثقافتی مرکز کے اقدامات کو مثالی قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قصیم کے کلچرل ہیریٹج سینٹر کے دورے میں گورنر نے مختلف تاریخی ادوار کو نمایاں کرنے کے لیے لگائی گئی نمائش دیکھی اور ان طریقوں کے بارے میں جانا جو خطے کے تاریخی اور ثقافتی اثاثوں کو محفوظ بنانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
گورنر نے خطے کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے اور مختلف سائٹس سے حاصل کیے گئے قدیم تاریخی نوادرات کو اکٹھا کرنے کے لیے جن کا تعلق سعودی عرب کی ثقافت و تاریخ سے ہے، سینٹر کے اہم کردار کو سراہا۔
سینٹر میں، جو سعودی ہیریٹج کمیشن کی علاقائی برانچ کا حصہ ہے، خطے کے مختلف تاریخی ادوار کو یکجا کیا گیا ہےاور یہاں ماقبل از تاریخ اور اسلام سے پہلے کے زمانے کے نوادرات سمیت مختلف نادر اشیا رکھی گئی ہیں۔

ایک نمائش اسلامی عہد میں قصیم ریجن کے لیے مخصوص ہے جبکہ دوسری کا تعلق ان تاریخی راستوں سے ہے جن پر زائرین سفر کیا کرتے تھے۔
یہاں آثارِ قدیمہ کی سائٹس اور خطے کے ثقافتی ورثے کی سائٹس کو بھی نمائش میں شامل کیا گیا ہے۔
بچوں کے لیے سینٹر میں انٹرایکٹیو کمرہ اور دستکاری کا ایک سیکشن بھی قائم کیا گیا ہے۔

کمیشن کے اس دورے میں گورنر کے ساتھ دیگر اہلکاروں کے علاوہ ابراہیم المشائقی بھی تھے جو کمیشن کی علاقائی برانچ کے ڈائریکٹر ہیں۔
المشائقی نے کہا کہ گورنر کا دورہ، اس مرکز کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
انھوں نے سعودی معاشرے کے ہر طبقے کو دعوت دی کہ وہ مرکز کا دورہ کریں اور اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ یہاں قصیم کے آثارِ قدیمہ اور تہذیبی تاریخ کی سائٹس کے بارے میں انٹرایکٹیو نمائش اور لطف انگیز تجربے کے ذریعے کتنی جامع معلومات دی جاتی ہیں۔