سعودی عرب کے شہر ینبع میں ہونے والے بحار فیسٹیول نے رہائشیوں اور سیاحوں کو مختلف پرفارمنسز، ثقافتی، سیاحتی اور روایتی سرگرمیوں کی جانب متوجہ کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں ینبع کے معروف ماہی گیروں نے بھی شرکت کی اور بحیرہ احمر میں اپنی مہمات اور تجربات کی کہانیاں بیان کیں۔

اس فیسٹیول میں ایک تھیٹر، بچوں کے لیے آرٹ روم، لوک موسیقی کے بینڈ کی پرفارمنس، سمندر سے متعلق دستکاری اور فائن آرٹس اور بحیرہ احمر کی ساحل پر موجود جانداروں پر ایک نمائش شامل تھی۔
فیسٹیول میں ماہی گیری کے اصول، ماڈرن فش فارمنگ سسٹم اور سمندر و ساحلی ماحول کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر گفتگو اور ورکشاپس شامل تھیں۔
اس ایونٹ میں ماہی گیروں کےلیے مالی معاونت کے مواقع پر ماہرین کی پریزنٹیشنز شامل تھیں، جن کا مقصد پائیدار ماہی گیری کے شعبے کی ترقی میں مدد فراہم کرنا ہے۔