Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، سپریم کورٹ کا نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ

اہم نکات:
  • چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دے دی ہے: اسحاق ڈار
  • فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاکستان کی ترقی لیے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر زور
  • سوات میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں 9 سیاح ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری
  • قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا احتجاج، بجٹ کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں

پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، سپریم کورٹ کا نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ
سپریم کورٹ میں آئینی بینچ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی درخواستیں منظور کر لی ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی مخصوص نشستوں سے محروم ہو گئی ہے۔
مخصوص نشستیں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو دی جائیں گی۔
جمعے کی شام سپریم کورٹ میں آئینی بینچ کے سربراہ امین الدین نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

انڈیا کے ساتھ جنگ میں پاکستان نے اپنی ساکھ قائم کی: بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ جنگ میں پاکستان نے اپنی ساکھ قائم کی اور انڈیا کی جارحیت کے خلاف پاکستان کو شاندار کامیابی ملی۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کے پانچ دنوں میں ثابت ہوا کہ انڈیا بہت سے شعبوں میں پاکستان سے پیچھے ہے۔
ان کے مطابق تمام سایسی جماعتوں نے جس سے جتنا ہو سکا پاکستان کا بیانیہ اجاگر کیا جبکہ پاکستان کے سفارتی وفد نے دنیا کے سامنے ملک کا موقف سامنے رکھا۔  
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستانی میڈیا کا کردار بھی تاریخی ہے، آپ نے بیانیے کی جنگ میں دنیا کو بتایا کہ سچ کیا ہے، جبکہ دنیا نے دیکھا کہ انڈین میڈیا جھوٹ بول رہا تھا۔ بیانیے کے محاذ پر بھی انڈیا کے خلاف پاکستان کو فتح حاصل ہوئی۔

چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دے دی ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین نے ان کی درخواست پر سی پیک کو افغانستان تک توسیع دے دی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’چین نے میری درخواست پر سی پیک کو افغانستان تک توسیع دے دی ہے۔ یہ پراجیکٹ انہوں نے ان پرنسپل منظور کر لیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان، افغانستان اور ازبکستان، ادھر بھی ریلوے ہے اور اُدھر بھی ریلوے ہے۔ براستہ خرلاچی یہ 624 کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ یہ منصوبہ ہمارے ملک کو سنٹرل ایشین ممالک کے ساتھ ریلوے کے ذریعے منسلک کر دے گا۔‘

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پاکستان کی ترقی لیے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر زور
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے سٹریٹجک اور ترقیاتی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے اداروں کے درمیان ہم آہنگی، باہمی احترام اور متحد قومی مقصد کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
جمعے کو پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں قومی سلامتی کے تقاضوں، موجودہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز اور علاقائی امن اور قومی استحکام کے تحفظ میں پاکستان کی مسلح افواج کے اہم کردار سمیت کئی اہم امور پر بات کی۔
مزید کہا گیا کہ ’انہوں نے پاکستان کے سٹریٹجک اور ترقیاتی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بین الادارے ہم آہنگی، باہمی احترام اور متحد قومی مقصد کی اہمیت پر زور دیا۔‘

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا احتجاج، بجٹ کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں

قومی اسمبلی میں نے سپلیمنٹری گرانٹس کی کثرتِ رائے سے منظوری پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور ایجنڈے اور بجٹ کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔
جمعے کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی نے سپلیمنٹری گرانٹس کی کثرتِ رائے سے منظوری دے دی، تاہم اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے بازی کی اور ایجنڈا اور بجٹ کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔
اس دوران ایاز صادق نے ریمارکس دیے کہ اپوزیشن ارکان کی مسلسل نعرے بازی کی وجہ سے اپوزیشن میں سے کوئی بھی اس معاملے پر بحث نہیں کرنا چاہتا، اسی لیے ضمنی گرانٹس کی منظوری دی جاتی ہے۔

سوات میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں 9 سیاح ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری

سوات میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں 18 سیاح بہہ گئے جن میں سے 9 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ باقی افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
جمعے کو ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فضاگٹ کے مقام پر ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا  کے بیان میں کہا گیا کہ ’اب تک 9 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور ابھی پانچ مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے، ریسکیو 1122 کے 80 اہلکار سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔‘
ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں سمیت تمام بالائی علاقوں میں سیلاب الرٹ جاری ہے۔ 
مقامی افراد کے مطابق منگورہ بائی پاس میں واقعہ پیش آیا ہے جہاں سیاح دریا کے کنارے پہنچے تو اچانک سیلابی ریلا آ گیا۔

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات کے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
جمعے کو پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں صوبے کے مختلف مقامات میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید کہا گیا کہ موسلا دھار بارش سے صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، وزیرستان (شمالی اور جنوبی) کے مقامی ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا امکان ہے۔
جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث خیبر پختونخوا کے کمزور پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہوسکتی ہیں۔

پنجاب میں جمعرات کو بارش کے باعث 11 افراد ہلاک، 47 زخمی

پنجاب بھر میں جمعرات کو بارش میں مختلف واقعات سے 11 افراد ہلاک جبکہ 47 زخمی ہوئے۔
ریسکیو کے محکمے نے کہا ہے کہ صوبے میں گذشتہ دن بارش کے باعث 47 زخمی افراد کو فوری ریسکیو سروسز فراہم کی گئی اور شدید زخمی افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے پری مون سون کے پہلے سپیل کا آغاز ہو گیا ہے جو 2 جولائی تک جارہی رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 28 جون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سابق وزیراعلٰی بلوچستان سردار اخترمینگل کے بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ

سابق وزیراعلٰی بلوچستان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترمینگل کے بیٹے اور بھتیجے کے خلاف سابق نگراں وزیراعلٰی بلوچستان کے بیٹے کے قتل مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ سابق نگراں وزیراعلی میر نصیر مینگل کی مدعیت میں خضدار کے لیویز تھانے میں درج کیا گیا جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن ارمی نے قبول کی، تاہم رشتہ داروں نے اختر مینگل کے بیٹے میر گورگین مینگل اور بھتیجے سردار اسد اللہ مینگل اور ساتھیوں کو نامزد کیا ہے۔
اختر مینگل اور نصیر مینگل کے خاندان کے درمیان کئی دہائیوں سے قبائلی دشمنی میں متعدد افراد مارے جا چکے ہیں۔

 

شیئر: