Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے سندھ کے بالائی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سنیچر کو موسلا دھار یا شدید موسلا دھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور ڈی جی خان میں مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
جبکہ صوبہ بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، لسبیلہ اور قلات کے مقامی اور برساتی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا سٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
جبکہ خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ 
این ڈی ایم اے نے جمعے کو سیلابی صورتحال کے حوالے سے جاری ایڈوائزری میں کہا تھا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان، بالائی اور وسطی پنجاب، شمال مشرقی اور جنوبی سندھ میں درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق اس دوران نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں نچلے درجے جبکہ اس کی معاون ندیوں میں درمیانے درجے کے بہاؤ کی توقع ہے۔
تربیلا ڈیم سمیت دریائے چناب میں خانکی اور قادر آباد کے مقام پر نچلے درجے کا بہاؤ متوقع ہے۔
صوبہ پنجاب اور سندھ کے لیے شہری سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ پنجاب میں لاہور، قصور، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ، گوجرانوالہ جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، سکھر، سجاول، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس دورن خیبر پختونخوا میں دریائے سوات اور اس کے معاون ندیوں میں طغیانی رہے گی۔ دریائے ہنزہ اور اس کے معاون دریاؤں کنجراب، غجراب، چپورسن اور شمشال برالدو کے دریاؤں کے بہاؤ میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ اپر چترال دریا کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں آج مطلع جزوی ابرآلود اور بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے۔

 

شیئر: