طائف میں ہل کلائمبنگ چیمپئن شپ کا آغاز آج ہوگا
’سعودی عرب اور خطے کے 65 بہترین مرد وخواتین رائیڈرز حصہ لے رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
طائف کے پہاڑی راستے عقبۃ المحمدیہ میں سعودی ہل کلائمبنگ چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے کا آغاز آج ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مقابلہ سعودی وزارت کھیل کی نگرانی میں سعودی آٹو اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کی تنظیم اور سعودی ریسنگ آرگنائزر کلب کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے۔
چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب اور خطے کے 65 بہترین مرد وخواتین رائیڈرز حصہ لے رہے ہیں جنہیں 11 مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
جمعے کے روز مقابلے میں شریک گاڑیوں کی تکنیکی اور انتظامی امور کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی اور شرکت کرنے والے رائیڈرز کے لیے بریفنگ سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا۔

اسی روز شام کو فری پریکٹس سیشن بھی منعقد کیا گیا جس کا مقصد ہفتے کے روز ہونے والی اصل ریس کی تیاری تھا اور شائقین نے بھی اس سرگرمی میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرحلے میں انتہائی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ یہ ایک ’ٹائم اٹیک‘ قسم کی ریس ہے جو پہاڑی راستوں پر منعقد ہوتی ہےجن میں تنگ اور تیز موڑ اور دشوار گزار ڈھلوانیں شامل ہوتی ہیں۔
اس مقصد کے لیے عمومی راستوں کو عارضی طور پر بند کر کے شرکا کے لیے ایک محفوظ ماحول مہیا کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ "سعودی ہِل کلائمبنگ چیمپئن شپ" تین مرحلوں پر مشتمل ہے اور تمام مراحل عقبة المحمديہ، طائف میں ہی منعقد ہوں گے۔
چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ 18 تا 19 جولائی 2025 کو جبکہ آخری اور تیسرا مرحلہ 7 تا 9 اگست 2025ء کو منعقد کیا جائے گا۔