باحہ اور نجران میں موسم گرما کا آغاز ہو گیا ہے جس میں فن موسیقی اور ثقافت کی بہت سی تقریبات ہو رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق باحہ کے گورنر شہزادہ حسام بن سعود نے باقاعدہ طور پر ’باحہ سمر فیسٹیول‘ کا افتتاح کیا جس میں 500 سے زائد تقریبات شامل ہیں۔ ان تقریبات کا مقصد 25 لاکھ سیاحوں کو متوجہ کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
-
بیت حائل فیسٹول جو قدیم دستکاری اور ہنر کو زندہ رکھے ہوئے ہےNode ID: 891627
انہوں نے کہا کہ ’سب لوگ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ رہائشیوں اور آنے والے مہمانوں کو ایک زبردست تجربہ دیا جا سکے۔‘
باحہ سمر سیزن کا آغاز ’گرمیوں کو رنگوں سے بھر دو ‘کے سلوگن کے تحت ہوا ہے۔ اس میں فنکارانہ اور موسیقی کے شو، سرکس، میجک شوز اور تفریحی اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
فیسٹیول کی تیاریوں میں سڑکوں کی مرمت، پارکوں اور سیاحتی مقامات کی بہتری، واضح رہنمائی کے سائن بورڈز اور عوامی پارکوں میں مفت وائی فائی کی سہولت شامل ہے۔
اس کے علاوہ تمام مقامات پر صفائی، نگرانی اور حفاظتی انتظامات کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

نجران میں بھی سمر فیسٹیول منگل سے شروع ہو رہا ہے جس کا عنوان ہے ’ہماری گرمیوں کا موسم بہترین ہے۔‘
نجران کے میئر صالح الغامدی نے بتایا ’ فیسٹیول کے لیے 160 سے زائد پارکس، باغات، چوراہے اور پیدل چلنے کے راستوں کو تیار کیا گیا ہے۔ یہ تمام تیاریاں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے تعاون سے کی گئی ہیں تاکہ آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا جا سکے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’فیسٹیول نجران شہر اور اس کے مختلف علاقوں میں کئی مقامات پر منعقد ہو رہا ہے جہاں مختلف طرح کی سرگرمیاں شامل ہیں۔‘

ان میں شاپنگ فیسٹیول، ہارس شو، پیراگلائیڈنگ، کلاسک گاڑیوں کی نمائش، خاندانوں اور بچوں کے لیے خصوصی پروگرام، تفریحی اور ثقافتی سرگرمیاں، مشاعرے، کھیلوں کے مقابلے، دستکاری کے سٹالز، ڈرامے، معلوماتی پروگرام اور تربیتی کورسز شامل ہیں۔
صالح الغامدی نے بتایا ’ یہ سرگرمیاں 45 دن تک جاری رہیں گی اور سعودی وژن 2030 کے اہداف میں اہم کردار ادا کریں گی۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’نجران کا قدرتی حسن اور اس کے سیاحتی مقامات اسے توجہ کا مرکز بناتے ہیں۔‘