شہر جدہ اپنے طویل و عریض ساحل کے اعتبار سے اندرون اور بیرون مملکت سے آنے والے سیاحوں کے لیے غیرمعمولی کشش کا حامل ہے۔
ساحل پر موجود تفریحی پارکوں کے علاوہ سیاحوں کےلیے سب سے پسندیدہ مقام آبی تفریح ہے جہاں مہم جوئی کے شوقین افراد کےلیے بھی بھر پور مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق جدہ کے ساحلی مقامات میں سب سے اہم ’جدہ یاٹ کلب‘ ہے جو اپنے وسیع ساحلی مناظر، مختلف تفریحی آپشنز اور بحری تجربات کے حوالے سے ایک نمایاں مقام ہے۔
یہ کلب سعودی عرب کی جانب سے بحری سیاحت کو فروغ دینے اور اقتصادی تنوع کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔

جدہ یاٹ کلب میں ’رائل یاٹ ایسوسی ایشن‘ کی جانب سے لائسنس یافتہ میرین اکیڈمی کے زیر انتظام سمندری تربیتی پروگرامز مرتب کیے گئے ہیں جن کے ذریعے آبی تفریحی اور مختلف اقسام کی کشتی رانی کے شوقین افراد کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
سمندری تربیتی پروگرامز میں بچوں اور بڑوں کے لیے بادبانی کشتی اور کیل بوٹ سیلنگ، کائٹ سرفنگ اور ہائی سپیڈ بوٹنگ جیسے پروگرامز پیش کیے جاتے ہیں۔
اکیڈمی نے تربیتی پروگرامز کے لیے عالمی معیار کے مطابق اعلی تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات مہیا کی ہیں جو تمام تر حفاظتی اقدامات کے تحت شائقین کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔
