Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فلٹر سے بھی مسئلہ اور بغیر میک اپ سے بھی مسئلہ‘، انوشکا شرما کی تصویر پر تبصرے

ایک صارف نے لکھا کہ تمام تبصروں کا رُخ انوشکا کی جانب کیوں ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
انڈیا کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی اور اُن کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کی لندن میں ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کے دوران کھینچی گئی تصاویر وائرل ہو گئی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق کوہلی اور انوشکا ومبلڈن کے سینٹر کورٹ کے رائل باکس میں بیٹھ کر نواک جوکووک کا میچ دیکھ رہے تھے جب اُن کی تصاویر بنائی گئیں۔
تاہم منظرِ عام پر آنے والی تصاویر پر سوشل میڈیا ٹرولز کی جانب سے تبصروں پر بہت سے صارفین نے ناگواری کا اظہار کیا۔
ٹرولز کی جانب سے انوشکا شرما کے چہرے کی سکن پر تبصرہ کیا گیا اور یہ جوڑے کی کھیل میں عدم دلچسپی یا اُن کی بوریت کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی۔
اگر ایک جانب صارفین کے ایک گروپ نے انوشکا شرما کے چہرے کے مرجھانے پر طنزیہ گفتگو کی تو دوسری جانب ایک اور گروپ نے ایسے صارفین کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انٹرنیٹ پر صارفین کی ایک بڑی تعداد نے ایسے لوگوں پر تنقید کی جو اداکارہ کی ڈھلتی عمر اور اُن کی جلد کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
ریڈٹ پر پوسٹ کی گئی وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی تصویر کے ساتھ لکھا گیا تبصرہ تھا کہ ’فوٹوگرافر نے انوشکا کے ساتھ کچھ بدتر کیا۔‘
اس پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’فوٹوگرافر نے ایسا کچھ برا نہیں کیا۔ یہاں آپ برا کر رہے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے اس پر لکھا کہ ’خواتین پر اُن کی عمر کی وجہ سے تبصرے نہ کریں، اُن کو بھی ایک انسان کے طور پر دیکھیں۔‘
پوسٹ پر تبصرہ کرنے والے ایک شخص نے لکھا کہ ’لوگ عجیب ہیں، جب انسٹاگرام پر تصاویر دیکھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ اوہ، یہ فوٹوشاپ کی گئی ہے یا فلٹر کیوں استعمال کیے گئے، اور جب اس طرح کی تصاویر آتی ہیں تب بھی باتیں کرتے ہیں۔‘

متعدد صارفین نے لکھا کہ ڈھلتی عمر ایک قدرتی امر ہے۔ فوٹو: سکرین گریب

اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ لوگوں کو ہر چیز سے مسئلہ ہے، فلٹرز والی تصاویر سے بھی مسئلہ ہے اور اب اس طرح بغیر میک اپ کے جلد سے بھی مسئلہ۔ بس کر دیں، انوشکا ایک انسان ہے۔‘
ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ ’کوئی بھی یہ نہیں کہہ ریا کہ وراٹ کوہلی کیسے نظر آ رہے ہیں، اور تمام سخت تبصروں کا رُخ انوشکا کی جانب ہے۔‘
تبصرے کرنے والے نے مزید لکھا کہ ’اب تو وراٹ کوہلی بھی ویسے نہیں رہے جیسا کہ اپنی نوجوانی میں نظر آتے تھے تو سب کی نظریں انوشکا شرما پر کیوں جمی ہوئی ہیں۔‘
ریڈٹ پر ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ ’ڈھلتی عمر ایک قدرتی امر ہے، چہرے پر تاثرات کا نہ ہونا بھی فطری ہے۔ اسی طرح جلد پر داغ دھبے بھی ہوتے ہیں۔ بس کر دیں اور ہر چیز پر فیصلہ صادر نہ کریں۔‘

شیئر: