جاپان میں جاری ایکسپو 2025 میں مملکت کا پیویلین، نمائش دیکھنے کے لیے آنے والے جاپانیوں کی طبع کے مطابق دورِ حاضر کے سعودی آرٹ ورکس کو یکجا کر کے پیش کر رہا ہے۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
سعودی آرٹ ورکس کی نمائش دو ثقافتی سٹوڈیوز میں ہو رہی ہے جنھیں ورکشاپس اور نمائشوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
جاپان کے ولی عہد نے اوساکا ایکسپو میں سعودی پویلین کا دورہ کیا
Node ID: 891895
سعودی پریس ایجنسی’ایس پی اے‘ کے مطابق اوساکا نمائش میں سعودی پویلین کا افتتاح سالِ رواں اپریل میں ہوا تھا اور ان سٹوڈیوز میں اب تک ایک سو پندرہ ایونٹس منعقد ہو چکے ہیں جن میں نمائشیں اور لائیو پرفارمینسز بھی شامل ہیں۔
ان ثقافتی مقامات پر منعقد ہونے والے ایونٹس میں سعودی عرب کے فنکاروں کا کردار نمایاں ہے جو مملکت کی تہذیبی میراث کو نمائش کی شکل میں سامنے لاتے ہیں۔
ایکسپو 2025 میں سعودی پویلین، جاپانی پیویلن کے بعد دوسرا سب سے بڑا پویلین ہے جسے دیکھنے کے لیے اب تک دس لاکھ سے زیادہ افراد آ چکے ہیں۔

ایکسپو 2025 اس برس اپریل میں جاپان کے شہر اوساکا میں شروع ہوئی تھی اور اکتوبر تک جاری رہے گی۔
گزشتہ دنوں اس نمائش میں جاپان کے شاہی مہمانوں کی آمد بھی ہوئی تھی جن کا استقبال جاپان میں سعودی عرب کے سفیر غازی فیصل بن زقر نے کیا تھا اور انھیں مملکت کے پویلین کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

اس سے قبل کے سعودی سفیر، دونوں شاہی مہمانوں کو 2030 میں ریاض میں ہونے والی نمائش میں شرکت کی دعوت دیتے، جاپان کے شاہی مہمانوں نے خود ہی ریاض ایکسپو میں شرکت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
سعودی سفیر نے اس موقع پر کہا تھا کہ جاپان میں ہونے والی نمائش اور سعودی پویلین کی وجہ سے جاپان کے لوگوں کو مملکت کی ثقافتی تاریخ او تہذیبی ورثے کو جاننے کا موقع ملا ہے۔