جاپان کے شہر اوساکا میں جاری نمائش ’ایکسپو 2025‘ میں سعودی پویلین کو ثقافتی فنِ تعمیر، ڈیزائن اور ’انٹرایکٹیو اینڈ ایکپیریمنٹل سپیسز‘ کی کیٹگری میں ’گولڈ پرائز‘ دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے پویلین کو یہ ایوارڈ ’نیویارک آرکیٹیکچرل ڈیزائن ایوارڈز‘ کی طرف سے ملا ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب کی اوساکا ایکسپو میں شرکت، ڈیجیٹل ترقی کو متعارف کرایاNode ID: 889862
اس ایوارڈ میں سعودی پویلین کے ڈیزائن اورتعمیراتی مہارت و کمال کو تسلیم کیا گیا ہے۔ یہاں آنے والے پویلین کے ڈیزائن اور فنِ تعمیر کو دیکھ کر اس میں کھو سے جاتے ہیں اور انھیں سعودی عرب کے ورثے کے بارے میں حقائق کو جانچنے کا موقع ملتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اوساکا نمائش کے لیے سعودی عرب کے پویلین کی تعمیر میں ’سعودی آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن کمیشن‘ نے بہت اہم کردار ادا کیا جس کی سربراہی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر سمیۃ السلیمان نے کی۔
کمیش نے پروجیکٹ مینیجر کے لیے فاطمہ الدوخی کو منتخب کیا۔ پویلین کے ڈیزائن میں مشہور عالمی فرم ’فوسٹر+ پارٹنرز‘ نے بھی کام کیا۔
سعودی پویلین کا ڈیزائن، جاپان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی مماثلت کو نمایاں کرتے ہوئے جن پہلوؤں کی طرف توجہ مبذول کراتا ہے ان میں پائیداری اور عمارت کے ڈھانچے کو بڑھائے بغیر، ٹھنڈا رکھنے کے ایسے طریقے اور تعمیر میں استعمال ہونے والے بلاکس کو ایسی حکمتِ عملی کے تحت لگانا شامل ہے جس سے پویلین میں ہوا کا گزر آسانی سے ہو سکے۔

اس پویلین کی تعمیر میں وہ میٹریل استعمال کیا گیا ہے جس سے کاربن کا اخراج کم سے کم ہوتا ہے۔ یہ پویلین لائٹس کے استعمال میں باکفایت اور شمسی توانائی کی ٹیکنالوجی پر انحصار کرتا ہے۔
پویلین میں ابھرے ہوئے نشانات والے سائن بورڈ اور راستے بنائے گئے ہیں تاکہ کسی معذوری کا شکار افراد یہاں بغیر کسی دقت کے عمارت کے اندر داخل ہو سکیں اور نمائش میں سجے ہوئے سعودی پویلین سے لطف اندوز ہوں۔
اوساکا نمائش میں 13 اپریل کو کھلنے والے سعودی پویلین کو اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں۔ یہاں 175 ایونٹس بھی ہوئے ہیں جن میں ثقافتی پرفارمنسز اور کاروباری پروگرام شامل ہیں۔ سعودی پویلین میں 400 سے زیادہ وی آئی پی وفود آئے ہیں۔